نومنتخب ڈی ڈی سی ممبر اور پی ڈی پی لیڈر منظور احمد گنائی نے اپنے حلقہ میں ورکروں کے لیے ایک ٹی پارٹی کا اہتمام کیا تھا، جس دوران ورکروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور منظور احمد گنائی کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
لوگوں نے منظور گنائی کے حق میں نعرے بازی کی۔ ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے منظور احمد گنائی نے بتایا کہ اپنے لوگوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے حاضر ہوئے ہیں کیونکہ انھوں نے مشکل حالات میں گھروں سے باہر نکل کر اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال کیا۔
اس موقع پر مرکزی سرکار کو ہدف تنقید بناتے ہوئے موصوف نے بتایا کہ دفع 370 کی منسوخی سے کیا فائدہ ملا۔ وزیراعظم جہاں نیا کشمیر بنانے کی بات کر رہے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ ہمیں پرانا ہی کشمیر لوٹا دیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: عسکریت پسند تنظیم 'ٹی آر ایف' نے سنار کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کی
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نومنتخب ڈی ڈی سی ممبر منظور گنائی نے بتایا کہ ان کی دلی خواہش ہے کہ آری پل بلاک میں عوام کو درپیش مسائل کا ازالہ ہو اور بجلی رسیونگ اسٹیشن اور دیگر رکے ہوئے منصوبوں پر کام جلد شروع ہو۔ انھوں نے واضح کیا کہ وہ آری پل بلاک کو ایک ماڈل بلاک بنانے کے لیے وعدہ بند ہیں اور اس ضمن میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔