برفباری سے پیدا شدہ صورتحال کے بعد جنوبی کشمیر میں مونسپل کمیٹی پانپور نے مشینری کے علاوہ میونسپل عملہ کو بھی برف صاف کرنے کے کام پر لگا دیا۔
میونسپل کمیٹی کے افسروں کا کہنا ہے کہ بھاری برفباری کے بعد انہوں نے قصبہ کی تمام سڑکوں پر سے برف ہٹا لی ہے، وہیں قصبہ کے اندرونی گلی کوچوں میں، جہاں مشینوں سے برف صاف نہیں کی جا سکتی، انہوں نے میونسپل عملہ کو بھی برف ہٹانے کے کام پر لگا دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہفتہ کی شام تک تقریباً قصبہ پانپور کے تمام گلی کوچوں سے برف ہٹانے کا کام مکمل کر لیا جائے گا تاکہ لوگوں کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مونسپل کمیٹی پانپور کے کرمچاریوں نے کہا کہ وہ ہر مشکل وقت میں عوام کو راحت پہنچانے کے لیے پیش پیش رہتے ہیں۔ تاہم انتظامیہ کی جانب سے ان کی مشکلات کا ازالہ نہیں کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ دہائیوں سے یومیہ اجرت پر کام کر رہے ہیں۔ تاہم انتظامیہ کی جانب سے ان کی مستقلی کے حوالے سے ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے ہیں۔