عوامی شکایات کا ازالہ کرنے کے لیے کل سے شروع ہوئے 'بیک ٹو ولیج سُوّم' پروگرام کے دوسرے روز بھی لوگوں نے اپنے مطالبات و مساٸل افسروں کے سامنے رکھے۔ جس پر انہیں ان کے مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کی گئی ہے۔
اسی کڑی کے تحت آج لیفٹننٹ گورنر کے مشیر فاروق احمد خان کی سربراہی میں ضلع پلوامہ کے چندہارا، بارسو اور وہاب صاب شار شالی میں بیک ٹو ولیج سوم پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے جہاں متعلقہ علاقوں کے سینکڑوں لوگوں نے اپنے مطالبات مشیر کے سامنے رکھے جس پر مشیر نے افسروں سے کہا کہ وہ ان مطالبات کو ترجیحی بنیادوں کے ساتھ حل کریں۔مشیر نے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مطالبات کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کرینگے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر سیاحوں کے لئے محفوظ ترین مقام
پروگرام کے دوران مشیر نے ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ کے ہمراہ جوبرارہ اونتی پورہ میں کھیل کے میدان کا سنگ بنیاد بھی رکھا ہے انہوں نے کہا کہ کھیل کود سے نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھا جا سکتا ہے اور وہ جسمانی لحاظ سے تندرست ہو سکتے ہیں۔
اس موقع پر مشیر نے لوگوں میں ڈومسائیل سرٹیفکیٹس اور ہیلتھ گولڈ کارڈس بھی تقسم کیے ہیں۔پروگرام میں لیفٹننٹ گورنر کے مشیر فاروق احمد خان، ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر راگھو لنگر، اے ڈی سی اونتی پورہ، ایس ایس پی اونتی پورہ کے علاوہ دیگر کئی افسروں نے بھی شرکت کی۔
مشیر نے کہا کہ بیک ٹو ولیج پروگرام کا مقصد خدمت کی فراہمی میں بہتری لانا ہے اور عوام کی شکایات کو جلد سے جلد کم وقت میں حل کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیک ٹو ولیج کے پیچھے مقصد جموں و کشمیر میں گوڈ گورننس کی جڑوں کو مضبوط بنانا اور عام لوگوں کو بااختیار بنانا ہے۔