پلوامہ: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ترال، شبیر احمد رینہ، نے محکمہ بجلی کے سینئر افسران اور مقامی سرپنچ کے ہمراہ ترال کے ماچھہامہ علاقے کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران اے ڈی سی نے وہاں نصب کیے گئے نئے بجلی ٹرانسفارمر کا افتتاح کرتے ہوئے اسے عوام کے نام وقف کیا۔ ٹرانسفارمر کی تنصیب سے لوگوں نے راحت کی سانس لی۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ بجلی ٹرانسفارمر کی تنصیب سے لوگ کافی خوش ہیں اور انہیں امید ہے کہ بجلی ٹرانفارمر کی تنصیب سے علاقے میں لوگوں کو بجلی کے حوالہ سے درپیش مسائل سے نجات حاصل ہوگی۔ میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ ماچھہامہ علاقے میں بجلی کی شدید کٹوتی کے سبب لوگوں کا جینا دوبھر ہو گیا تھا۔ لوگوں نے عوام کی دیرینہ مانگ کا احترام کرتے ہوئے علاقے میں ایک اور بجلی ٹرانسفارمر نصب کرنے پر انتظامیہ، محکمہ بجلی کی ستائش کی۔
ادھر، متعدد عوامی وفود نے اے ڈی سی ترال کو اپنے اپنے علاقہ جات میں لوگوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اے ڈی سی نے عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اے ڈی سی ترال، شبیر احمد رینہ، نے بتایا کہ ’’انتظامیہ عوام کی سہولت کے لیے وعدہ بند ہے اور اس حوالے سے ترال علاقے میں سڑک، بجلی اور پانی کو ترجیحات میں شامل رکھا گیا ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: ADC Tral Visit Villages اے ڈی سی ترال نے متعدد دیہاتوں کا دورہ کیا
ٹرانسفارمر کی تنصیب کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ ماچھہامہ میں بجلی کے ترسیلی نظام میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ بجلی ٹرانسفارمر نصب کرنے کے بعد علاقے میں ترسیلی لائنز اور بجلی کے کھمبوں کی مرمت بھی جلد ہی شروع کی جائے گی۔