جموں: جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب پیر کو ایک زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک فوجی جوان زخمی ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بارودی سرنگ کا دھماکہ پونچھ کے کیرن سیکٹر میں ایل او سی کے نزدیک ہوا۔ دھماکے میں زخمی ہوئے فوجی اہلکار کو کو فوری طور پر علاج و معالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر اس کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس سرحدی اضلاع - پونچھ اور راجوری میں - حفاظتی ایجنسیز نے متعدد مقامات پر بارودی سرنگوں کا پتہ لگانے کے بعد انہیں ناکارہ بنا دیاتھا تاہم سرحد پر موجود آئی ای ڈی سرنگوں کی زد میں آکر بعض اوقات متعدد فوجی اہلکار زخمی جبکہ بعض ہلاک ہو جاتے ہیں۔ ادھر، ہفتہ کی شام ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ کے بعد پیٹرولنگ پر مامور دو فوجی اہلکار غرقاب ہو گئے تھے۔ مقامی پولیس اور فوجی اہلکاروں کی جانب سے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں غرقاب ہوئے ایک فوجی کی لاش کو بازیاب کیا گیا تھا جبکہ دوسرے فوجی کی جسد خاکی کو اتوار کی صبح بازیار کر لیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: IED Defused in Rajouri راجوری میں آئی ای ڈی کو ناکارہ بنادیا گیا
جموں و کشمیر کے سرحدی علاقوں میں ایل او سی کے اُس پار دراندازی سمیت ڈرونز کے ذریعے ہتھیاروں اور منشیات کو اس پار روکنے کے لیے فوج ہمیشہ چوکس رہتی ہے۔ امسال شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپوارہ میں دس کے قریب دراندازوں کو ایل او سی کے قریب اِس پار آنے کی کوشش کے دوران ہلاک کیا گیا تھا جبکہ کشمیر سمیت جموں کے سرحدی علاقوں میں متعدد ڈرونز کو بھی گرایا گیا تھا اور فوج نے ان کارروائیوں کے دوران ہتھیار سمیت منشیات کو بھی ضبط کر لیا۔
(یو این آئی)