جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل مینڈھر کی کرشنا گھاٹی سیکٹر سے لائن آف کنٹرول کے پار سے پاکستانی فوجیوں کی فائرنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عسکریت پسندوں کے ایک گروپ نے لائن آف کنٹرول عبور کرنے اور بھارتی علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی، جسے بھارتی فوج نے ناکام بنایا۔
بعدازاں شروع کئے گئے سرچ آپریشن کے دوران جائے وقوعہ سے ایک اے کے 47 رائفل، دو اے کے 47 میگزین، گولیاں اور پاکستان میں تیار شدہ اشیائے خوردونوش برآمد ہوئی ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ علاقہ میں ایک عسکریت پسند ہلاک کیا گیا ہے جس کی لاش کو دیگر شدت پسند واپس کنٹرول لائن کے پار گھسیٹ کر لے گئے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ سال 2003 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پانے اور سال رواں کے اوائل سے پھوٹنے والے کورونا وبا کے باوجود بھی طرفین کے درمیان بین الاقوامی سرحد اور ایل او سی پر نوک جھونک کا سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے جس کے باعث آر پار کی سرحدی بستیوں کے لوگوں کا جینا دو بھر ہو کے رہ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پونچھ: درندازی کی کوشش ناکام، ایک عسکریت پسند ہلاک
سرکاری اعداد شمار کے مطابق سال رواں کے دوران اب تک سرحد پر فائرنگ یا گولہ باری کے تبادلے کے ازئد از پچیس سو واقعات رونما ہوئے ہیں جبکہ محض گذشتہ تین ہفتوں کے دوران جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے کم از کم تین درجن واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔