سرحدی ضلع پونچھ میں منڈی - بائیلہ سڑک کی مرمت میں ناقص مواد کا استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے محکمۂ تعمیرات عامہ کے خلاف احتجاج کیا۔
احتجاج کررہے لوگوں نے دعویٰ کیا کہ برسوں بعد سڑک کی تعمیر و مرمت اور میگڈمائزیشن کو منظوری دیے جانے کے بعد متعلقہ ٹھیکہ دار نے دوران شب سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا اور مقررہ اصول و ضوابط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تعمیراتی کام میں ناقص مواد کا استعمال کیا۔
مقامی باشندوں نے محکمۂ تعمیرات عامہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے متعلقہ ٹھیکہ دار کے خلاف کارروائی کیے جانے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ سڑک کی خستہ حالی کے باعث لوگوں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر انہوں نے کئی بار متعلقہ محکمہ سمیت ضلع انتظامیہ سے رجوع کیا۔ ان کے مطابق برسوں بعد سڑک کی تعمیر کو منظوری دیئے جانے کے بعد انہوں نے راحت کی سانس لی تھی تاہم سڑک کی تعمیر میں ناقص مواد کا استعمال کیا جارہا ہے۔
انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مقررہ اصول و ضوابط کو ملحوظ رکھتے ہوئے سڑک کی تعمیر و مرمت کا کام انجام دیے جانے کا مطالبہ کیا۔