بھارت - پاک افواج کے مابین سرحدوں پر گولہ باری کا تبادلہ جاری ہے اور تازہ واقع میں پاکستانی افواج نے سرحدی ضلع پونچھ کے بالاکوٹ اور مینڈھر سیکٹروں میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر تے ہوئے رہائشی علاقوں اور فوجی چوکیوں کو مارٹر شیلنگ کا نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی افواج نے چھو ٹے اور درمیانہ درجہ کے ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ 120 ایم ایم کے مارٹر شیل فوجی چوکیوں اور رہائشی علاقوں میں داغے۔ تاہم گولہ باری سے کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
فوجی ترجمان جموں کے مطابق پاکستانی افواج نے 8 بجے کے قریب بالاکوٹ اور مینڈھر سیکٹروں میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فوجی چوکیوں اور رہائشی علاقوں پر بلا اشتعال مارٹر شیلنگ کی جس کا بھارتی افواج نے بھی معقول جواب دیا۔ تاہم گولہ باری سے کوئی بھی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں بھارت اور پاکستان کے درمیان لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور آئے روز ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی جاتی ہے۔