پونچھ (جموں و کشمیر) : محکمہ کھیل کود کی جانب سے سرحدی ضلع پونچھ کے منڈی علاقے میں سیاحتی مقام بیس کیمپ جبی طوطی سے جبی علاقے تک 2 روزہ ٹریکنگ گروپ کو روانہ کیا گیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ، اندر جیت، منڈی تحصیل کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے بیس سے زائد ٹریکرس کو ہر جھنڈی دکھا کر ٹریکنگ کے لیے روانہ کیا۔
اس موقع پر بی ڈی سی منڈی، شمیم احمد گنائی، محکمہ کھیل کود کے ڈسٹرکٹ آفیسر، قاسم چوہدری سمیت مختلف محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے افسران کے علاوہ علاقہ اڑائی سے تعلق رکھنے والے باشندے بھی موجود تھے۔ منتظمین کے مطابق ٹریکنگ کیمپ کا مقصد علاقہ کے نوجوانوں کو ایک بہتر پلیٹ فارم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ضلع کے سیاحتی مقام جبی طوطی کو سیاحتی اعتبار سے مزید پر کشش بنانا تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح یہاں کا رخ کریں۔
جبی طوطی بیس کیمپ میں جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کی جانب سے تیار کردہ کھیل کے میدان اور محکمہ سیاحت کی جانب سے سیاحوں کے لیے تعمیر کیے گئے ہٹس کا بھی ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے معائنہ کیا۔ اس موقع پر منعقدہ ایک مختصر تقریب کے دوران ڈی سی پونچھ سے اپیل کی گئی کہ وہ اس علاقے میں سیاحوں کے لیے مزید بہتر انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ یہاں آنے والے سیاحوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ جبی طوطی میں سیاحت کو فروغ دینے کی وجہ سے منڈی تحصیل کے پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہونگے۔
مزید پڑھیں: پونچھ کا خوبصورت مقام بھاگسر انتظامیہ کی توجہ کا منتظر
ڈی سی پونچھ اندر جیت نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جبی طوطی علاقے کو سیاحتی نقشے پر لانے کی غرض سے لاکھوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، بنیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جس میں سڑکوں کی تعمیر اولین ترجیحات میں شامل ہے۔