پونچھ: سرحدی ضلع پونچھ کے چیف ایجوکیشن آفیسر (سی ای او) نے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول منڈی کا دورہ کرکے جدید تعمیر شدہ (امتحان) حال کا افتتاح کیا۔ سی ای او نے ملٹی پرپز حال کے افتتاح کے موقع پر اسکول عملہ کی ستائش کی۔ بعد ازاں انہوں نے اسکول احاطے کا دورہ کیا اور اسکول میں زیر تعلیم طالبات کے علاوہ عملہ کے ساتھ بھی مختلف موضوعات پر بات چیت کی۔
تعمیر شدہ جدید حال کی افتتاحی تقریب کے موقع پر سی ای او کے ہمراہ ’ڈی ای پی او‘ پونچھ نریندر سوری، پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول منڈی، انجو رشی کے علاوہ سکولی عملہ بھی موجود رہا۔ بعد ازاں چیف ایجوکیشن آفیسر نے سکول میں تعلیمی نظام، طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولیات سمیت دیگر انتظامات کے حوالے سے بھی جائزہ لیا۔
میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے چیف ایجوکیشن آفیسر، پونچھ، بشمبر داس نے کہا: ’’گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول منڈی میں طالبات کے بیٹھنے اور امتحانات کے دوران جگہ کی سخت قلت کے پیش نظر، محکمہ تعلیم کے فراہم کردہ فنڈس کے علاوہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے جمع کیے گئے ذاتی فنڈز کے بعد اس حال کو تعمیر کیا گیا، جو کہ ایک خوش آئند اقدام ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اسکول میں طالبات کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے امتحانات کے دوران بچیوں کے بیٹھنے کے لیے مناسب جگہ دستیاب نہیں ہوتی تھی، اب اس حال کے ذریعے نہ صرف طالبات کو امتحانات میں آسانی ہوتی بلکہ یہ حال دیگر تقاریب کے لیے بھی استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: پونچھ: مختلف اسکولز میں کمیونیٹی کلاسز کا انعقاد
انہوں نے مزید کہا کہ سرکار کی بھی یہی کوشش رہتی ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات کے لیے بہتر سہولیات مہیا کی جائیں۔ تاکہ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔