جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے شاہپور سیکٹر میں بھارتی اور پاکستانی افواج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس میں ایک 18 سالہ نوجوان اخلاق احمد ولد محمد فاروق زخمی ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج نے بلاشتعال فائرنگ شروع کر دی جس کا بھارتی فوج نے جواب دیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر کی سرحدوں پر طرفین کے درمیان گزشتہ تین برسوں کے دوران زائد از ساڑھے آٹھ ہزار بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
وزارت امور داخلہ نے جموں کے ایک کارکن کی طرف سے دائر ایک آر ٹی آئی کے جواب میں انکشاف کیا ہے کہ یکم جنوری 2018 سے گزشتہ برس کے ماہ جولائی تک جموں و کشمیر میں سرحدوں پر پاکستان نے 8 ہزار 5 سو 71 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
سال 2003 میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پانے کے باوجود جموں و کشمیر کی سرحدوں پر طرفین کے درمیان آئے روز کی گولہ باری کے تبادلے سے سرحد کے آرپار کی بستیوں کے لوگوں کا جینا محال ہو گیا ہے۔