بھونیشور: ریاست اڈیشہ کے بھونیشور میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی صدارتی امیدوار دروپدی مرمو کا شاندار استقبال کیا گیا۔ مرمو بیجو پٹنائک بین الاقوامی ہوائی اڈے سے سیدھی ریاستی گیسٹ ہاؤس کے لیے روانہ ہوئیں اور گیسٹ ہاؤس میں آرام کرنے کے بعد ریاستی اسمبلی میں حکمراں بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) کے قانون سازوں اور اراکین اسمبلی سے ملنے گئیں۔ Draupadi Murmu Accorded Rousing Welcome
وزیر اعلی نوین پٹنائک نے اسمبلی میں ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد وہ پارٹی ایم ایل اے اور ایم پی سے ملنے کانفرنس ہال پہنچی۔ بی جے ڈی سپریمو اور وزیر اعلیٰ پٹنائک نے پہلے ہی مرمو کی امیدواری کے لیے اپنی پارٹی کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ 147 رکنی ریاستی اسمبلی میں بی جے ڈی کے 114 ارکان ہیں۔ مرمو کے صدارتی انتخاب کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے دوران بی جے ڈی کے دو وزراء نے ان کی امیدواری کی تجویز پیش کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:
Draupadi Murmu on One-Day Visit to Bihar: دروپدی مُرمو بہار کے یک روزہ دورہ پر
پٹنائک نے اپوزیشن کانگریس ایم ایل اے اور آزاد امیدواروں سے بھی مرمو کی امیدواری کی حمایت کرنے کا مطالبہ کیا اور انہیں اڈیشہ کی بیٹی قرار دیا۔ ریاست میں واحد آزاد ایم ایل اے نے پہلے ہی مرمو کی امیدواری کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ مرمو ریاستی اسمبلی میں بی جے ڈی کے وزراء، ممبران پارلیمنٹ اور ایم ایل اے سے ملاقات کے بعد ریاستی گیسٹ ہاؤس واپس پہنچیں۔جہاں ان کا استقبال بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر سمیر موہنتی، پارٹی کے سینیئر لیڈران، پارٹی ممبران پارلیمنٹ اور ایم ایل اے نے کیا۔ مرمو نے ریاستی گیسٹ ہاؤس میں بی جے پی ممبران پارلیمنٹ اور ایم ایل ایز کے ساتھ میٹنگ کی۔
یو این آئی