بھونیشور: ریاست اڈیشہ کے بارگڑھ میں میندھا پلی میں ایک ٹرین پٹری سے اتر گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ بارگڑھ کے میندھا پلی میں مال بردار ٹرین کی چھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ حادثے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ اس واقعہ کی اطلاع ریلوے کے سینئر حکام کو دے دی گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ حادثے کا شکار مال بردار ٹرین چونا اور پتھر لے کر جا رہی تھی۔ ریلوے پولیس نے موقعے پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جمعہ کی شام بالاسور میں ایک ہولناک ٹرین حادثہ پیش آیا تھا۔ اس حادثے میں 288 سے زائد افراد ہلاک جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔ حادثے کی وجہ الیکٹرانک انٹر لاکنگ میں تبدیلی بتائی گئی۔ ریلوے کی جانب سے ابتدائی انکوائری رپورٹ پیش کردی گئی۔ ساتھ ہی ابتدائی تفتیش میں الیکٹرانک انٹر لاکنگ کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔ واقعے کی تفصیلی تفتیش جاری ہے۔ اس دوران ہفتہ کی رات ٹرین سروس شروع کر دی گئی۔ یہ سروس حادثے کے 51 گھنٹے بعد شروع کی گئی تھی۔ اس دوران ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو خود موقع پر موجود تھے۔
مزید پڑھیں: اوڈیشہ ٹرین حادثے کی دردناک تصاویر، لاشوں کی شناخت ابھی بھی جاری
پہلی ٹرین گزرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وہ جذباتی بھی ہو گئے۔ قبل ازیں انہوں نے ریلوے کے اعلیٰ حکام سے کہا کہ اس حادثے کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے ریل سروس کی بحالی کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کرنے پر ریلوے ٹیم کو مبارکباد دی۔ ساتھ ہی اس معاملے میں بڑا انکشاف کرتے ہوئے ریلوے کے ایک اعلیٰ افسر نے کہا کہ اس سال کے شروع میں یہاں کے سسٹم میں خرابی پائی گئی تھی۔ اس بارے میں حکام کو آگاہ کر دیا گیا۔ انہوں نے اس واقعہ کا بھی ذکر کیا جب یہ حادثہ پیش آیا۔