یواسینا کے سکریٹری ورون سردیسائی نے کہا یواسینا کے چیف آدتیہ ٹھاکرے کی رہنمائی میں ملک کے طلباء کے مفاد میں یواسینا نے سپریم کورٹ میں ایک رٹ پٹیشن دائر کی ہے۔
یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) نے ہدایت کی ہے کہ حتمی سال کے امتحانات ستمبر کے آخر تک منعقد ہوں گے۔ اس سے قبل ریاستی حکومت نے حتمی سال کے امتحانات نہ کرنے کے اپنے فیصلے کا اعلان کیا تھا۔
ریاستی حکومت نے جواز پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا کے بڑھتے اثرات کی وجہ حتمی سال کے امتحانات نہیں لیے جاسکتے ہیں۔گزشتہ ہفتے ہی ریاست کے اعلی اور تکنیکی تعلیم کے وزیر ادئے سامنت نے ایک بار پھر پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ یو جی سی کے فیصلے کے مطابق ستمبر تک مہاراشٹر میں امتحانات کا انعقاد ناممکن ہے۔
ادے سامنت نے کہا تھا کہ ہم نے آخری سال کے امتحانات کے بارے میں مہاراشٹر کے تمام وائس چانسلرز اور مختلف تعلیمی اداروں کے ڈائریکٹرز کے ساتھ بات چیت کی۔ جس کے نتیجے میں یہ پایا گیا کہ طلبا 30 ستمبر تک امتحان نہیں دے سکیں گے۔اس طرح کا جواز تمام وائس چانسلرز اور تعلیم کے ڈائریکٹرز نے دیا ہے۔ لہذا آخری سال کے امتحانات منسوخ کردیئے گئے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاستی حکومت نے یو جی سی سے خط و کتابت کے بعد حتمی امتحان منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ادھر یو جی سی نے ریاست کی تمام یونیورسٹیوں کو ہدایت نامہ بھیج دیا ہے۔ یو جی سی نے ہدایت کی ہے کہ حتمی سال کے امتحانات ستمبر کے آخری ہفتے میں ہوں گے۔ اس کی وجہ سے طلبا میں ایک بار پھر تذبذب کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔