ممبئی: ممبئی کے بھوئیواڈا علاقے میں ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، اس علاقے میں رہنے والی ایک ٹیچر اپنے شوہر کے رویہ سے ناراض تھی۔ معاملہ بھوئی واڑہ تھانے پہنچ گیا۔ پولیس نے ماریہ اور اکرم دونوں کو بہت سمجھایا لیکن دونوں ایک دوسرے کو سمجھنے کےلئے تیار نہیں تھے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ 18 مئی کو ماریہ کا بھائی قریبی علاقہ میں درخواست ٹائپ کروانے گیا اور ماریہ کو تھانے میں ہی بیٹھنے کےلئے کہا لیکن ماریہ پراسرار طور پر فون بینچ پر رکھ کر وہاں سے غائب ہوگئی۔ پولیس نے جب تھانے کے سی سی ٹی وی کو چیک کیا تو وہ 500 میٹر تک اکیلی چلتی ہوئی نظر آتی ہے لیکن اس کا کوئی سراغ ابھی تک نہیں ملا۔
پولیس افسر کا کہنا ہے کہ ماریہ کی گمشدگی کی شکایت درج کر لی گئی ہے۔ ماریہ کے پاس موبائل نہ ہونے کی وجہ سے لوکیشن ٹریس کرنے میں دشواری ہو رہی ہے۔ پولیس نے اس زاویے سے بھی تفتیش کی ہے کہ ماریہ حال ہی میں ملنے والی تین خواتین کی نامعلوم لاشوں میں تو شامل نہیں تھی لیکن تینوں لاشیں ماریہ سے نہیں ملتی۔ پولیس نے ماریہ کے رشتہ داروں کا سراغ لگا لیا ہے لیکن تین ماہ سے لاپتہ ماریہ کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔
ماریہ کے بھائی التمش خان، جن کا تعلق اترپردیش کے بستی ضلع سے ہے نے بتایا کہ بڑی حیرت کی بات یہ ہے کہ ماریہ گزشتہ تین ماہ سے لاپتہ ہے، اسے ڈھونڈنے کے بجائے اس کے شوہر اکرم خان دوسری شادی کےلئے ویب سائٹ کے ذریعہ لڑکی کو تلاش کررہے ہیں جبکہ ان کے پروفائل میں ازدواجی حیثیت بتائی گئی کہ طلاق کا انتظار ہے۔ پروفائل میں لڑکی کیسی ہوں اس کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ ماریہ کی شادی 2019 میں گوونڈی میں رہنے والے اکرم خان سے ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: Tajumal Shah Dargah تجمل شاہ درگاہ کے ذمہ دران کو وقف بورڈ کی نوٹس، وقف ملکیت کی سودے بازی کا الزام
ماریہ نے ایم کام اور ایم بی اے تک تعلیم حاصل کی۔ اس وقت وہ ریلوے کے ایک پرائمری اسکول میں کنٹریکٹ کی بنیاد پر ٹیچر تھیں۔ شادی کو تقریباً چار برس گزر چکے ہیں۔ شوہر کو اب ماریہ پر افیئر کا شبہ ہے۔ ماریہ کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ ماریہ کے شوہر صرف الزامات لگا رہے ہیں اور کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے۔