مہاراشٹر میں بی جے پی اور شیوسینا کے مابین اتحاد تو ہو گیا ہے لیکن یہ ایسا اتحاد ہے جس میں ہمیشہ کچھ نا کچھ افراتفری نظر آتی ہے۔ ادھو ٹھاکرے نے ایک بار پھر مہاراشٹر میں شیوسینا کا وزیراعلی بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ 'مہاراشٹر میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد ہندوتوا کے لیے ہوا ہے اور ہم نے مہاراشٹر کے عوام کی بھلائی کے لیے ہی بی جے پی کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'میں نے اپنے والد بالا صاحب ٹھاکرے سے وعدہ کیا تھا کہ ریاست میں شیوسینا کا وزیراعلی بناؤں گا اور جب تک میں یہ وعدہ پورا نہیں کر لیتا تب تک سکون سے نہیں بیٹھوں گا۔'
آدتیہ ٹھاکرے کے انتخابی میدان میں اترنے سے متعلق ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ 'یہ ضروری نہیں کہ آدتیہ وزیراعلی بن جائیں، وہ اسمبلی کے تجربات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔'
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ سیاست کوئی بری چیز نہیں ہے اور نوجوانوں کو اس میں حصہ لینا چاہیے۔
ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ 'بھلے ہی شیوسینا بی جے پی کے مقابلے کم نشستوں پر الیکشن لڑ رہی ہیں لیکن ہم بی جے پی سے زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل کریں گے۔'