ریاست مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں کے ضلع ایس پی سچن پاٹل (ناسک گرمین) نے مقامی اور تعلقہ کے سبھی پولس اسٹیشن کے انچارج کا تبادلہ کردیا ہے، اوران کی جگہ نئے افسران کی تقرری عمل میں لائی گئی ہے۔
اچانک ہوئے اس تبادلہ سے پولس محکمہ میں افراتفری کا ماحول ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق مالیگاؤں کیمپ پولس اسٹیشن میں پولس انسپکٹر پرکاش منڈے اور قلعہ پولس اسٹیشن میں تعینات پولس انسپکٹر دگمبر بھدانے، نیشنل شاہراہ کے قریب واقع تعلقہ پولس اسٹیشن کے نگراں کی حیثیت سے پولس انسپکٹر دیوی داس ٹھمکر کو ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پوارواڑی پولس اسٹیشن انسداد رشوت ستانی محکمہ کی کاروائی کے بعد پہلے ہی یہاں کے پولس انسپکٹر گلاب راؤ پاٹل کا تبادلہ ناسک کردیا گیا ہے، مذکورہ سبھی پولس اسٹیشنوں میں نئے آفیسران کی تقرری کے بعد ان کی پولس اسٹیشنوں کی حدود میں جرائم کی شرح قابو میں کرنے اور غیر قانونی سرگرمیوں پر قدغن لگانے نیز سماج دشمن عناصر پر قابو پانے سمیت دیگر امور کی انجام دہی کسی چیلنج سے کم نہیں۔
شہر بھر کے اہم پولس اسٹیشنوں کی حدود میں افسران کے ان تبادلوں کو لیکر عوام کی جانب سے اطمینان کا اظہار کیا جارہا ہے، اور نئے افسران سے اس بات کی خواہش ظاہر کی جارہی ہیکہ وہ قانون کی پاسداری کیلیے اچھے اقدامات اٹھائیں۔