مگر مندی کے سبب پراپرٹی ٹیکس کی وصولی میں کمی اور واٹر ٹیکس میں اضافہ کیا ہے۔
تھانے مارکیٹ میں مندی کے سبب 250 تا تین کروڑ کی وصولی میں نقصان ہوا ہے کیوں کہ رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں بھی زبردست مندی چھائی ہوئی ہے۔ تھانے میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی) کا سال2020-21کا سالانہ بجٹ کمشنرراجیندر اہیور(انچارج ٹی ایم سی) نے اسٹینڈنگ کمیٹی کے میں رکھے جانے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس بجٹ میں پانی ٹیکس پر50 تا 60 فیصد کا اضافہ کیا گیا۔ ساتھ ہی شہر بھر کے قبرستانوں کی مرمت کے لیے 12کروڑ ، حج ہاوس کی عمارت کی تعمیر کے لیے 3کروڑ مختص کیا گیا ہے۔
کسی بھی شہر کی ترقی کا دارومدار اس کی کارپوریشن کی آمدنی پر منحصر ہوتا ہے۔ جس کارپوریشن کی آمدنی جتنی اچھی ہوتی ہے اس شہر کی ترقی بھی اسی رفتار سے ہوتی ہے۔ ممبئی شہر سے متصل ہونے کے سبب تھانے میونسپل کارپوریشن کی آبادی برق رفتاری سے تو بڑھی لیکن اسی کے ساتھ ساتھ اس کی آمدنی میں اضافہ ہوتا گیا اور شہر بھی ترقی کرتا گیا۔ ٹی ایم سی کو سال2014-15میں 1407.51کروڑکی آمدنی ہوئی تھی۔ اس کے بعد2019-20میں2733.45کروڑوصول ہوا تو یہی پانچ سال بعد2020-21میں3122.78کروڑ ہوگیا۔ ٹی ایم سی میں سب سے اہم آمدنی کا ذریعہ پراپرٹی ٹیکس اور کرایہ ہے جو کہ 7سو کروڑ کے قریب ہوا ہے۔
اسی طرح پانی ٹیکس سے 175کروڑ کے قریب کی آمدنی ہوئی ہے۔ اسی طرح راستہ کھدائی سے 30کروڑ، اشتہارات سے25کروڑ، شہر وکاس سے 47کروڑ تواور مرکز و وبائی حکومت سے156کروڑ ملے ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی اسمارٹ سٹی کی جانب بڑھ رہے تھانے میونسپل کارپوریشن نے اپنے بجٹ میں شہر بھر کے راستے ، سڑکوں کو کنکریٹ، میٹرو، پانی کی ریماڈلنگ، شہر بھر میں ٹریفک سے نجات کے لیے پارکنگ، سڑکوں پر فلائی اوور بریج، کھاڑی کناروں کی تزئین کاری اور سب سے اہم کوسہ میں حج ہاوس کی عمارت کی تعمیر کا ذکر کیا ہے۔ جس میں ممبرا اور دیو میں پانی کی پرانی پائپ لائنوں کو ریماڈلنگ کرنے کے لیے 221کروڑ ، کوسہ میں حج ہاؤس کی تعمیر کے لیے حج کمیٹی اور ریاستی حکومت کے بعد میونسپل کارپوریشن نے بھی 3کروڑ مختص کیا ہے۔
وہیں کوسہ میں مولانا ابوالکلام آزاد اسٹیڈیم سے متصل میونسپل ہسپتال جو اپنے آخری مرحلے میں ہے۔ اس کے لیے مزید 9کروڑ روپے، جبکہ شہر بھر کے قبرستانوں کی مرمت اور تزئین کاری کے لیے 12کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی سب سے اہم توجہ ٹی ایم سی نے شہریوں کے پانی کے مسائل پر دیتے ہوئے ایک طرف جہاں پانی ٹیکس میں اضافہ کردیا ہے وہیں شہر بھر میں نئے آبی ذخائر تعمیر کرنے کے لیے خاص کر ممبرا و دیوا میں 13آبی ذخائر تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ممبرا کے 6آبی ذخائر کا کام مکمل ہوچکا ہے اس کے ساتھ ہی سمپ پمپ اور، باروی ڈیم کی اونچائی بڑھانے جیسے اہم کاموں کا بھی ذکر کیا ہے۔ تھانے جو کہ کھاڑی اور پہاڑی کے درمیان بسا ہے خاص کر کلوا، ممبرا اور دیوا میں برسات میں زبردست تباہی آجاتی ہے۔ پہاڑیوں کا اور آبادی کا پانی کھاڑی تک پہنچانے کے لئے شہر میں72اہم و بڑے نالے ہیں۔ ان نالوں کی لمبائی اور چوڑائی بڑھانے اور ان کی تعمیر کے لئے60کروڑ کی خطیر رقم ٹی ایم سی خرچ کرے گی۔ وہیں نالے صفائی کے لیے 9 کروڑ، کچرا اٹھانے کے لیے 32کروڑ روپے کا بجٹ ٹی ایم سی نے پیش کیا۔ چونکہ کمشنر سنجیو جیسوال جاچکے ہیں اب تک ٹی ایم سی میں کوئی نیا کمشنر نہیں آنے کے سبب ٹی ایم سی کا بجٹ یہاں کے انچارج راجیندر اہیور نے پیش کیا ہے۔ اب یہ بجٹ ٹی ایم سی کے جنرل بورڈ کے اجلاس(مہاسبھا) میں بحث کے لئے پیش کیا جائے گا۔