ریاست مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں کے سماجی کارکن رضوان بیٹری والا نے ویڈیو کے ذریعے شہر کے تمام راشن دکان مالکان کو انتباہ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں سے عوام کی شکایات آرہی ہیں کہ راشن کی دکانوں سے شکر نہیں دی جارہی ہیں۔
اس طرح کی اطلاع ملنے کے بعد رضوان بیٹری والا نے ایم ڈی او محکمہ سے اس معاملے کی پوری معلومات حاصل کی ہے۔
ایم ڈی او محکمہ کے مطابق شہر کے تمام راشن دکانوں کو جاری مہینے کے اناج میں شکر، گیہوں، چاول مہیا کیا جاچکا ہے اور عوام میں یہ اشیاء تقسیم کی جارہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ممبئی: 'عربین ٹی' ہرخاص و عام کی توجہ کا مرکز
اسی درمیان رضوان بیٹری والا نے ایک ویڈیو کے ذریعے تمام راشن دکان مالکان کو انتباہ دیا ہے کہ اگر شہر کی کسی بھی راشن دکان کے خلاف عوام شکایت کرتی ہے تو اس راشن دکان کے مالک کا لائسنس رد کروا دیا جائے گا۔
سماجی کارکن نے عوام سے یہ اپیل کی ہے کہ اگر کسی بھی راشن دکان میں آپ کو ضروری اشیاء نہیں دی جارہی ہیں تو مجھ سے فورا رابطہ کریں اور یہ یقین دلایا کہ میں ہمیشہ کی طرح اس معاملے میں بھی عوام کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کروں گا۔