اورنگ آباد: مہاراشٹر کے شہر اورنگ آباد میں جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر سلیم انجینئر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ، ہم محسوس کرتے ہیں کہ بھارت میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مضبوط کرنا بھارت کے لوگوں کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ نفرت کی سیاست، فرقہ وارانہ پولرائزیشن، اور مذہبی اقلیتوں کے خلاف ٹارگیٹیڈ تشدد ہے۔
انہوں نے کہاکہ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی نہیں ہونے کی وجہ سے ملک میں اقلیتی برادریاں خود کو غیر محفوظ محسوس سمجھ رہی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ فرقہ پرستی ہمارے ملک کی معاشی ترقی کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے، بعض مفاد پرست عناصر جذباتی نعروں کے ذریعے، پولرائزیشن اور اقلیتوں کے خلاف نفرت پھیلا رہے ہیں۔ بد قسمتی سے کئی بار حکومت اور قانون نافذ کرنے والی مشینری، ہمارے ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے پھیلاؤ اور طاقت کو روکنے، اور ان پر قابو پانے کے لیے فوری کارروائی کرنے میں ناکام ہے۔
جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر نے مزید کہا بھارت کی آزادی کے 75 سالوں میں، ہم نے ایک کثیر ثقافتی ، کثیر مذہبی اور کثیر لسانی جمہوریہ کا تصور کیا، جس کی بنیاد مساوات ، آزادی، بھائی چارے اور انصاف کے اصولوں پر رکھی گئی تھی۔ تنوع کے درمیان اتحاد ہمیشہ ہماری طاقت رہی ہے۔ جسے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے ذریعے برقرار رکھنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:اورنگ آباد میں چاقو زنی کے واقعے میں ایک نوجوان کی موت،دو زخمئ
جماعت اسلامی ہند امن انصاف اور جمہوریت کے لیے پرعزم افراد اور تنظیموں کی حمایت کر کے فرقہ وارانہ، ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہی ہے۔ ہمارا یہ احساس ہے کہ ہندوستانی عوام سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے نفرت پھیلانے والوں کو شکست دے کر ملک کی جمہوری اور آئینی اقدار کی بحالی میں موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ لوگوں کی کوششوں سے آنے والا وقت بہتر ہو گا۔