ممبئی: مہاراشٹر میں ادھو ٹھاکرے گروپ کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت کی مشکلات میں اضافہ ہوتا نظر آرہا ہے۔ کچھ دن پہلے سنجے راؤت نے مہاراشٹر اسمبلی کو 'چوروں کا ٹولہ' کہا تھا۔ اس وقت راؤت کے اس بیان کی زبردست مخالفت ہوئی تھی۔ راؤت کے اس بیان کے بعد بی جے پی ایم ایل سی رام شندے نے سنجے راؤت کے خلاف استحقاق کی خلاف ورزی کی تحریک پیش کی تھی۔
وہیں اب یہ معاملہ زور پکڑ رہا ہے۔ مہاراشٹر قانون ساز کونسل کی استحقاق کمیٹی کے سربراہ اور بی جے پی لیڈر پرساد لاڈ نے ایک اہم حکم دیا ہے۔ لاڈ نے کونسل سکریٹری سے کہا ہے کہ وہ سنجے راؤت کے خلاف بی جے پی ایم ایل اے کے ذریعہ پیش کردہ استحقاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کریں اور معاملہ راجیہ سبھا کے چیئرمین کو بھیجیں۔ سنجے راؤت کو فروری کے مہینے میں مہاراشٹر لیجسلیچر کو 'چوروں کا ٹولہ' کہنے پر استحقاق کی خلاف ورزی کا نوٹس بھیجا گیا تھا۔
اس معاملے میں بی جے پی ایم ایل سی رام شندے نے سنجے راؤت کے خلاف استحقاق کی خلاف ورزی کی تحریک پیش کی تھی۔ پرساد لاڈ نے قانون ساز کونسل کے سکریٹری کو لکھے خط میں کہا کہ یہ مسئلہ آپ کے سامنے کافی عرصے سے زیر غور ہے۔ اس لیے آپ سے درخواست ہے کہ اس معاملے میں مناسب فیصلہ لیں اور اسے چیئرمین راجیہ سبھا کو بھیجیں۔
پرساد لاڈ نے مزید کہا کہ مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر کو سنجے راوت کے خلاف بھی اسی طرح کی استحقاق کی خلاف ورزی کی تحریک موصول ہوئی تھی۔ جسے 6 اپریل کو راجیہ سبھا چیئرمین کو بھیج دیا گیا ہے۔ مہاراشٹر قانون ساز کونسل کی ڈپٹی چیئرپرسن نیلم گورہے نے مارچ کے مہینے میں سنجے راؤت کے بیان کو غیر تسلی بخش سمجھتے ہوئے نائب صدر جگدیپ دھنکھر کو سنجے راؤت کے خلاف استحقاق کی خلاف ورزی کا نوٹس بھیجا تھا جبکہ دھنکھر نے مئی میں اس معاملے کو راجیہ سبھا کی استحقاق کمیٹی کے پاس بھیج دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: Maharashtra Political Crisis: جس کو ہمارا سامنا کرنا وہ ممبئی آسکتے ہیں: سنجے راوت