سوشانت سنگھ راجپوت کیس میں این سی بی نے ریا چکرورتی کے بھائی شووک چکرورتی اور سموئل مرنڈا کو حراست میں لیا ہے۔ مرنڈا اداکار سشانت سنگھ کے قریبی تھے اور ان کے مینجر بھی رہ چکے ہیں۔
نارکوٹک کنٹرول بیورو کی پانچ اراکین پر مشتمل ٹیم آج صبح ریا چکرورتی کے گھر پہنچی۔ ٹیم میں خواتین افسران بھی شامل ہیں۔ خبر لکھے جانے تک تلاشی مہم جاری ہے۔
آج صبح ساڑھے چھ بجے ریا کے گھر خاتون افسر سمیت این سی بی کے افسران پہنچے۔ ذرائع کے مطابق این سی بی کی ایک ٹیم نے سوشانت سنگھ راجپوت کے قریبی سموئل مرنڈا کے گھر پر چھاپہ ماری کی۔ ٹیم نے انہیں حراست میں بھی لے لیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق ممبئی پولیس بھی ریا چکرورتی کے گھر پر موجود ہے، جہاں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ریا اور ان کے بھائی شووک چکرورتی اور سموئل مرنڈا ایجنسی کے شکوک و شبہات کے دائرے میں آگئے ہیں، کیوں کہ کچھ ڈرگس پیڈلرز کے ساتھ ان کے رابطے سامنے آئے تھے، شووک اور مرنڈا کو جلد ہی پوچھ گچھ کے لیے بھی بلایا جائے گا۔