ریاست مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں کے طالب علم محمد سیف طارق حسین کا قومی سطح پر منعقد ہونے والے 'کھیلو انڈیا کھیلو' میں جوڈو کراٹے کے لیے انتخاب کیا گیا ہے۔
طالب علم محمد سیف طارق حسین کے انتخاب کے بعد مالیگاؤں کے رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے مبارک باد پیش کی ہے۔
شہر کی معروف فیملی حسن پنجابی کے سیف پنجابی نے ریاستی سطح پر جوڈو کراٹے چیمپئین شپ میں مہاراشٹر اور گجرات میں نمایاں کار کردگی کا مظاہرہ پیش کیا اور سلور میڈل بھی حاصل کیا۔
محمد سیف اے ٹی ٹی اسکول میں گیارہویں جماعت میں زیر تعلیم ہے اور وہ جنوری میں ریاست آسام میں 'کھیلو انڈیا کھیلو' مقابلوں میں مہاراشٹر سے نمائندگی کرے گا۔
سیف پنجابی نے کہا کہ ان کی اس کامیابی پر وہ اہل خانہ کی کامیابی مانتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کراٹے کے علاوہ کشتی میں بھی انھوں نے ریاستی سطح پر کئی خطاب حاصل کیا ہے۔ فی الوقت کھیلو انڈیا کھیلو میں جوڈو کراٹے چیمپئین شپ میں شرکت کریں گے۔
سیف کے چچا راشد نیوراج نے کہا کہ محمد سیف شہر کے نوجوانوں کے لیے ایک مثال ہے۔ نوجوانوں کو کھیل کود اور صحت پر توجہ دینا چاہئیے۔
سیف کے والد طارق حسین نے کہا کہ سیف کی کامیابی پر پورے شہر سے مبارک باد مل رہی ہے۔ گھر میں خوشی کا ماحول ہے کہ محمد سیف نے خاندان کے ساتھ شہر کا نام روشن کیا۔ امید ہے کہ مستقبل میں بھارت کے لیے بیرون ملک کھیلنے کے لیے جائے اور انعامات حاصل کرے۔
سیف کے استاد خلیل احمد نے کہا کہ محمد سیف نے اس کامیابی کو پانے کے لیے دن رات محنت کی ہے اور اللہ نے اسے کامیابی سے نوازا ہے۔ ہم اسے نیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔
سیف کے دادا حاجی شبیر احمد پنجابی نے کہا کہ محمد سیف کی طرح شہر کی نئی نسل کو نشے اور بری لت میں نہ پڑتے ہوئے اپنی صحت کا خیال رکھنا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ شہر کے دیگر نوجوانوں کو بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کے لیے ہر وقت کوشش کر نی چاہئیے۔ آخر میں انھوں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محمد سیف بین الاقومی سطح پر بھارت کی نمائندگی کرے گا۔