مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں انسانیت بچاؤ سنگھرش سمیتی کے زیر اہتمام سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید کی قیادت میں انسانی زنجیر بناکر اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق مسلم برادری کا قبلہ اول 'مسجد اقصیٰ' میں مسلمانوں کو عبادت سے روکنے کے لیے اسرائیل، فلسطینی مسلمانوں پر احتجاج کا الزام عائد کرکے غزہ اور فلسطین کے دیگر علاقوں میں مسلسل بمباری کررہا ہے جس میں معصوم بچوں، عورتوں اور شہریوں کی بڑی تعداد میں موت واقع ہوئی ہے۔
اس سلسلے میں شہر مالیگاؤں میں انسانیت بچاؤ سنگھرش سمیتی کے زیر اہتمام سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید کی قیادت میں قومی شاہراہ نمبر 3 پر واقع سوند گاؤں پھاٹے پر آج انسانی زنجیر بناکر اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کی حمایت میں زبردست احتجاج کیا گیا۔
احتجاج میں کثیر تعداد میں لوگوں نے حصہ لیا جو اپنے سروں پر کالے رنگ کے کپڑے باندھے ہوئے تھے اور ہاتھوں میں اسرائیلی درندگی کی مذمت اور فلسطین کی حمایت میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔
احتجاج کے دوران آصف شیخ نے کہا کہ بھارتی حکومت فلسطین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرے اور اقوام متحدہ میں اسرائیلی حکومت کا بائیکاٹ کرے۔
انہوں نے کہا کہ یہ احتجاج حکومت ہند یا ریاستی حکومت کے خلاف نہیں ہے بلکہ اسرائیلی حکومت کے ظلم وبربریت اور فلسطین کے حق میں یہ مظاہرہ کیا جارہا ہے۔
آصف شیخ نے کہا کہ بھارت پہلا ایسا ملک ہے جس نے اقوام متحدہ میں فلسطین کو 1974 میں ایک آزاد ملک تسلیم کیا پھر 1988 اور 1996 میں بھی بھارت نے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کیا تھا۔
آصف شیخ نے کہا کہ ان کے مطالبات ہیں کہ بھارت فلسطین کے ساتھ کھڑا رہے اور اسرائیلی حکومت کے ظلم و بربریت کے خلاف اقوام متحدہ میں ووٹ دے تاکہ ظلم و ستم ختم ہوسکے۔