ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے متصل بھیونڈی کے رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج میں پری پیریٹری کورس میں داخلہ لینے والے طلبہ کو کورس سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے ایک افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
افتتاحی تقریب کی صدارت مشہور معالج و کے ایم ای سوسائٹی کے رکن ڈاکٹر راشد سید نے کی، جبکہ تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر چیئر مین محمد شفیع، اور مہمانان اعزازی کے طور پر سابق اسسٹنٹ ہیڈ ماسٹر ملک مومن اور اسٹڈی سینٹر کے سابق طالب علم سمیر قاضی کے علاوہ فراز انصاری اور اعجاز ہاشمی نے رونق بخشی۔
تلاوت کلام پاک سے جلسے کا آغاز ہوا۔ افتتاحی کلمات اور مہمانوں کا تعارف و استقبال اسٹڈی سینٹرکے کوآرڈنیٹر عبدالعزیز انصاری نے پیش کیا۔ صدر جلسہ ڈاکٹر راشد سید نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر انسان میں تعلیم حاصل کرنے کا جذبہ ہونا چاہیے۔ مجھے یقین ہے کہ اسی جذبے کے تحت آپ سب نے وائی سی ایم او یوکے پری پریٹری کورس(اہلیتی امتحان) میں داخلہ لیا ہے، اللہ تعالیٰ آپ سب کو کامیابی عطا کرے۔
مقرر خاص ملک مومن نے پری پیریٹری کورس اور اہلیتی امتحان میں پوچھے جانے والے سوالات، اس کے طریقہ کار پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے شریک طلبہ کی رہنمائی کی۔
شفیع مقری نے اپنی تقریر میں کہا کہ اوپن یونیور سٹی کا مقصد ایسے لوگوں کو تعلیم فراہم کرنا ہے جن کا تعلیمی سلسلہ کسی وجہ سے منقطع ہو گیا ہے۔ اس سنہری موقعے سے آپ لوگ استفادہ کیجیے۔ اس سلسلے میں کے ایم ای سوسائٹی آپ کا ہر ممکن تعاون کرے گی۔ اس موقعے پر سمیر قاضی اور فراز انصاری نے بھی طلبا سے خطاب کیا۔
تمام مہمانان نے اپنی تقریر میں طلبہ کو مبارک باد پیش کی اور مفید مشوروں سے نوازا، نیز کامیابی کی دعائیں دیں۔ اس کامیاب جلسے کی نظامت معین الدین فلاحی نے انجام دی۔