ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے متصل صنعتی شہر بھیونڈی کے معروف تعلیمی ادارے 'کوکن مسلم ایجوکیشن سوسائٹی' نے یوم اساتذہ کے موقع پر ایک تقریب منعقد کی۔ سوسائٹی کی جانب سے اس تقریب میں اسکول کے اساتذہ کو اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔
یوم اساتذہ کے موقع پر اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بسنتی رائے نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں نئی ٹکنالوجی کتنی بھی ترقی کرلے مگر اساتذہ کے ذریعہ دی جانے والی تعلیم کی اہمیت کل بھی تھی اور موجودہ دور میں بھی ہے۔
اس موقع پر اساتذہ کے مابین دو پینل مباحثے بھی رکھے گئے۔ پہلا مباحثہ نئی تعلیمی پالیسی عنوان پر مبنی تھا جس میں مکرم خان، صبا مومن، مصباح منشی، خالدہ شیخ، انشا، جنید صادق شیخ اور ڈاکٹر وشالی نرمارکر نے شرکت کی اور محمد حسن فاروقی نے نظامت کے فرائض کو انجام دیا۔
دوسرے پینل کا موضوع تھا "ایس ایس سی کے خراب نتائج کی وجوہات" جس میں عبدالوحید شیخ، صوفیہ مومن، ثمینہ گوگاجی، یاسمین رنگری، آصف حافظ قیوم، ظفر عالم فیاض اور غلام فقیہ وغیرہ نے شرکت کی۔ ڈاکٹر قطب الدین شاہد نے نظامت کے فرائض کو انجام دیا۔
سوسائٹی کے زیر انتظام تمام اسکولوں میں ایس ایس سی، ایچ ایس سی بورڈ امتحانات اور بی اے، بی ایس سی، بی ایس سی۔ ٹی، بی کام ، بی ایڈ ، ڈی ایڈ، ٹی۔ کلینیکل وغیرہ کے آخری امتحانات میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء اور ان کے اساتذہ کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔
ان بہترین اساتذہ کا بھی انتخاب کرکے اعزاز سے نوازا گیا جن کے ناموں کا اعلان چیئرمین شفیع مقری نے تنظیم کے زیر انتظام اسکولوں میں خصوصی شراکت کے لیے کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ان تمام اداروں کے ایسے اساتذہ کو اعزاز سے نوازا گیا جن کے مضمون ایس ایس سی اور ایچ ایس سی کے امتحانات میں سو فیصد نتائج تھے۔
اس موقع پر سابق اساتذہ کو بھی ان کی تدریسی خدمات کے لیے تحائف دیے گئے۔ یوم اساتذہ کے موقع پر 300 سے زائد ایوارڈز تقسیم کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر تقریب کے صدر اسلم فقیہ نے کے ایم ای سوسائٹی اور ڈاکٹر مصدق پٹیل نے سائبر سینٹر کی نئی ویب سائٹ کا آغاز کیا۔
جی ایم مومن ویمنس کالج کے ہال میں سوسائٹی صدر اسلم فقیہ بھارتیہ ودیا بھون کی سابقہ ڈائریکٹر اور ماہر تعلیم بسنتی رائے، سابق پرنسپل محمد حسن فاروقی، روزنامہ انقلاب کے معاون مدیر ڈاکٹر قطب الدین شاہد مہمان خصوصی موجود رہے