ممبئی: ممبئی یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے سینئر سٹیزن پروفیسر ڈاکٹرعبداللہ امتیاز کو شعبہ اردو کا صدر مقرر کر دیا گیا ہے انہوں نے یونیورسٹی کے اردو ڈیپارٹمنٹ کا چارج سنبھال لیا ہے، ڈاکٹر عبداللہ امتیاز نے آج ایک گفتگو میں کہاکہ 'ممبئی یونیورسٹی کابینہ کیمپس میں اردو بھون کی تعمیر، مدارس کے طلباء کے اعلیٰ تعلیم کی ہموار کرنا اور یونیورسٹی شعبہ اردو کے تحت بی اے کی تعلیم کو شروع کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ 'اس سلسلہ میں حالات بہتر ہونے کے بعد اقدامات کیے جائیں گے، خصوصی طور پر اردو بھون کی تعمیر پر توجہ دی جائے اور نارتھ مہاراشٹر یونیورسٹی کی طرز پر مدارس کے طلباء کو اعلی جماعتوں میں داخلہ دینے کو ترجیح دی جائے گی، جیسا کہ شمالی ہند کی ریاستوں میں ممکن ہوا ہے، ان مدارس سے اردو زندہ ہے اور پروان چڑھ رہی ہے۔
واضح رہے کہ عبد اللہ امتیاز کا تعلق اعظم۔گڑھ سے ہے اور وہ 1986 میں ممبئی آئے اور آٹھویں جماعت تک تعلیم انجمن خیرالاسلام گھاٹکوپر، ممبئی سے حاصل کرنے کے بعد ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ شبلی کالج اعظم گڑھ سے کیا، زمانہ طالب علمی میں انہوں نے جے این یو میں اسٹوڈنٹس یونین کی سیاسی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ بھی لیا تھا۔ پھر ممبئی آگئے اور شعبہ اردو میں 2012 میں ان کی تقرری اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پرہوا تھا۔
ڈاکٹر عبداللہ امتیاز کو بھارت کی قدیم اور انتہائی معیاری ممبئی یونیورسٹی کا صدر شعبہ اردو بنائے جانے پر ان کے آبائی ضلع اعظم گڑھ کی علمی اور ادبی حلقوں میں خوشی کا ماحول ہے اس سلسلے میں شبلی نیشنل پوسٹ گریجویٹ کالج اعظم گڑھ کے شعبہ اردو کے سابق صدر ڈاکٹر شباب الدین نے کہا ڈاکٹر عبداللہ امتیاز احمد اعظم گڑھ کے موضع خالص پور میں 1975 میں ایک علمی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ وہ بچپن ہی سے بڑے ذہین تھے ان کی ابتدائی تعلیم آبائی گاؤں، انجمن خیر الاسلام ممبئی ،شبلی کالج اعظم گڑھ، الہ آباد اور جواہر لال نہرو یونیورسٹی نئی دہلی میں ہوئی ہے ۔
ان کی تعلیم و تربیت مختلف علاقوں میں مختلف مزاج کے اداروں میں تکمیل کو پہنچی ہے ۔اس لیے ان کے مزاج میں وسعت و گہرائی ہے۔ تاریخ اور لوک ادب پر گہری نظر ہے۔ اردو کے ساتھ ساتھ ہندی ادب کا بھی اچھا مطالعہ ہے ،ان کی پانچ کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔
واضح ر ہے کہ 'جس عمر میں صدر شعبہ اردو نامزد ہوئے ہیں اس حساب سے ان کو کافی دنوں تک اس فرائض منصبی کو انجام دینا ہے، اس لئے اردو داں طبقے کو ان سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں۔ ڈاکٹر عبداللہ امتیاز سے قبل جن شعبہ صدور نے اس عہدے کو وقار بخشا ہے ،اس کو بحال رکھتے ہوئے ،اس شعبے کو مزید بلندی عطا کریں گے۔
کیونکہ انہوں نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی دلی سے سید سلیمان ندوی کی سوانح نگاری حیات شبلی کی روشنی میں عنوان پر ایم فل اور ممبئی یونیور سٹی سے آزادی کے بعد اردو ہندی کے ادبی ناول کا تحقیقی و تنقیدی مطالعہ کے عنوان سے پی ایچ ڈی کی ہے ،2012 میں ممبئی یونیورسٹی کے شعبہ اردو سے وابستہ ہوئے تھے اور 10 اگست 2020 کو صدر شعبہ اردو کا چارج سنبھال لیا ہے۔