ریلی میں بی جے پی کے سویدھان منچ ، سی اے اے کے حامی، قومی پرچم کے ساتھ سی اے اے اور این آر سی کا حمایتی پلے کارڈ لے کر نعرے بازی کرتے دکھائی دیئے۔
تاریخی اگست کرانتی میدان میں سی اے اے کی حمایتی ریلی میں ایک بڑی تعداد میں لوگ اکٹھا ہوئے۔ جہاں گذشتہ ہفتے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا تھا۔
اسٹیج پر ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر، وی ڈی ساورکر ، مہاتما جیوتیبا پھلے ، بھارت ممتا ، اور شاہو مہاراج کی بڑی تصاویر آویزاں کی گئیں۔
سویدھان منچ کی جانب سے شہر کے مختلف حصوں میں اس طرح کی ریلیاں نکالی جارہی ہے۔ سی اے اے اور این آر سی کی حمایت میں ایسی ہی ایک ریلی کا انعقاد گذشتہ ہفتے دادر میں کیا گیا تھا۔
منتظمین نے اگست کرانتی میدان کے درمیان گرگام چوپاٹی سے لوک مانیہ تلک کے مجسمے کے درمیان سپورٹ مارچ کا منصوبہ بنایا تھا لیکن ممبئی پولیس نے امن و امان کے معاملات کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں مارچ کی اجازت سے انکار کردیا۔
انیس دسمبر کو اگست کرانتی میدان میں جہاں مہاتما گاندھی نے 1942 میں انگریزوں کو بھارت چھوڑنے کے لیے کہا تھا، سی اے اے کے خلاف شہریوں کا ایک بہت بڑا مجمع دیکھا۔ جس میں غیر بی جے پی پارٹیوں کے کارکنان ، طلباء اور بالی وڈ کی کئی شخصیات شامل تھیں۔