ریاست مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں گھنٹوں لوڈ شیڈنگ کے معاملے سے عوام کو ہر روز پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق گزشتہ سال مالیگاؤں میں کلکتہ پاور سپلائی کمپنی نے بجلی کا ٹھیکہ لے کر اپنا کام کاج شروع کیا اور عوام سے اچھی بجلی فراہمی کی بات کہی، لیکن اب تک ایسا نہیں ہوسکا۔
شروعاتی دنوں میں کمپنی نے عوام سے اپنے گھروں میٹر لگانے کی اپیل کی، جس کے بعد لوگوں نے کمپنی کے اپیل پر عمل کرتے ہوئے میٹر لگوایا لیکن آج تک بجلی کی فراہمی سہی ڈھنگ سے نہیں ہوسکی، کمپنی ہر روز الیکٹرک تار یا ٹرانسفرمر میں درستی کا بہانہ بناکر گھنٹوں لوڈ شیڈنگ کررہی ہے۔
واضح رہے کہ موسم گرما اور لوڈ شیڈنگ سے جہاں عوام پریشان ہیں وہیں پاورلوم سے جڑے تمام کاروبار متاثر ہورہے ہیں۔ جس سے کمپنی کے خلاف عوام میں غصہ ہے۔