مالیگاؤں: مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں ایک دردناک واقعہ پیش آیا۔ جہاں 12 دنوں سے گمشدہ 7 سالہ محمد کیف محمد الیاس نامی بچے کی لاش چاندوڑ گھاٹ سے برآمد ہوئی۔ اس خبر سے شہر بھر میں سنسنی پھیل گئی۔ واضح رہے کہ عائشہ نگر پولیس اسٹیشن سے ملی تفصیلات کے مطابق فریادی محمد الیاس محمد عتیق احمد 35 سالہ نے عائشہ نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہیکہ لکشمن جگناتھ سونونے ساکن سروے نمبر 42 نے انکے 7 سالہ محمد کیف کا اغوا کیا اور بے رحمی سے قتل کردیا۔ فریادی کی شکایت پر عائشہ نگر پولیس نے ملزم لکشمن جگناتھ سونونے پر گناہ رجسٹر نمبر 4/24 قلم ایکٹ دفعہ 363، 302، 201 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ فی الحال ملزم پولیس کی حراست میں ہے۔
اس تعلق سے نمائندے ای ٹی وی بھارت کو ڈی وائے ایس پی تیگبیر سندھو نے بتایا کہ گذشتہ روز مالیگاؤں کے ساکن محمد کیف کی لاش چاندوڑ گھاٹ سے ملی۔ ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس نے قتل کا شبہ ظاہر کیا اور تیز رفتار تفتیش جاری رکھتے ہوئے قتل کے الزام میں لکشمن جگناتھ سونونے نامی شخص کو گرفتار کر لیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس قتل کے الزام میں عائشہ نگر پولیس اسٹیشن میں دفعہ 302 قتل اور اغوا کرنے کی دفعہ 363 اور 201 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پولیس تیز رفتاری سے جانچ پڑتال میں مصروف ہے کہ یہ قتل کیوں کیا گیا؟ قتل کے پیچھے کیا وجہ ہے؟ کون کون اس قتل میں شامل ہے؟ مکمل تفصیلات وقفے وقفے سے تحقیقات کے بعد پولیس جاری کرے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے افواہ نہ پھیلائیں، سوشل میڈیا پر پولیس کی نظر ہے۔ شہر کا لاء اینڈ آرڈر خراب کرنے والوں پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ کل اس ملزم لکشمن کو عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ممبئی پولیس کی چائنیز مانجھا فروشوں کے خلاف سخت کارروائی
واضح رہے کہ سماجی کارکن شفیق شیخ (اینٹی کرپشن) اور حاجی خالد شیخ رشید نے دردناک داستان سناتے ہوئے بتایا کہ سفاک قاتل لکشمن نے محمد کیف کو سات دنوں تک بھوکا رکھا، اذیت دی اور دردناک موت دیکر محمد کیف کی زندگی تمام کردی۔ اس سلسلے میں عوام اس قاتل کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کررہی ہیں۔