ریاست مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں کی تاریخی لشکر والی عید گاہ پر اس برس کورونا کی وجہ سے عید کی نماز ادا نہیں کی جائے گی، لیکن اس کے باوجود آج بی ڈی ڈی ایس اسکواڈ (بم کو ناکارہ بنانے والا عملہ ) نے عید گاہ کا معائنہ کیا اور اس کی خصوصی آلات سے جانچ کی۔
- ایسی صورت حال آزادی کے بعد پہلی بار:
آزادی کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب لشکر والی تاریخی عید گاہ پر عوام کے لئے عید کی نماز ادا کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے، حالانکہ انتظامیہ چند افراد کو عید کی نماز عید گاہ پر ادا کرنے کی اجازت دی ہے لیکن اس بات کی تصدیق ہونا ابھی باقی ہے ۔
- اجازت مسترد:
گزشتہ دنوں شہر کے سرکردہ افراد نے ضلع انتظامیہ سے لشکر والی عید گاہ سمیت شہر کی دیگر عید گاہوں اور مساجد میں نماز ادا کرنے کی اجازت طلب کی تھی، جسے ضلع پولیس نے مسترد کردیا ۔
اس دوران عوام میں عیدالفطر کی نماز کے سلسلے میں تشوتش پائی جارہی ہے ۔
- عید سادگی کے ساتھ منانے کی اپیل:
ناسک ضلع ایس پی آرتی سنگھ نے عوام سے عید سادگی کے ساتھ منانے کی اپیل کی ہے. نیز انھوں نے کہا ہے کہ 'جس طرح عام نمازوں کا اہتمام گھروں پر کیا گیا، ٹھیک اسی طرح عید کی نماز گھر پر ادا کریں'۔
پولس انتظامیہ کی جانب سے تمام مساجد کو عید کی نماز ادا نہ کرنے کیلئے نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے.