این سی پی کے سینیئر رہنما نواب ملک کو ای ڈی منی لانڈرنگ کیس میں پوچھ تاچھ اپنے دفتر لے گئی تھی اور کئی گھنٹوں کی پوچھ گچھ کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ED Arrest Nawab Malik
اس کے بعد انھیں پی ایم ایل اے کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں کورٹ نے وزیر نواب ملک کو 8 روزہ ریمانڈ پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی تحویل میں بھیجنے کا فیصلہ سنایا، جس کی وجہ سے نواب ملک اب 3 مارچ تک ای ڈی کی حراست میں رہیں گے۔
کورٹ کے فیصلے کے بعد نواب ملک نے ہندی میں ٹویٹ کیا کہ ’’کچھ ہی دیر کی خاموشی ہے پھر شور آئے گا۔ تمہارا تو صرف وقت ہے ہمارا دور آئے گا۔
نواب ملک سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے انڈر ورلڈ داؤد ابراہیم سے مراسم کے معاملے اور منی لانڈرنگ پر پوچھ گچھ کی۔ کئی گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد انہیں ای ڈی نے دوپہر میں گرفتار کیا۔
قبل ازیں ای ڈی کی ٹیم صبح این سی پی لیڈر اور مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک کی رہائش گاہ پر پہنچی تھی اور انہیں اپنے ساتھ ای ڈی آفس لے گئی تھی۔
گرفتاری کے بعد جے جے ہسپتال میں این سی پی لیڈر کا طبی معائنہ کیا گیا اور اب ملزم کو پی ایم ایل اے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ای ڈی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ای ڈی، عدالت سے ملزم نواب ملک کے ریمانڈ کا مطالبہ کرے گا۔
نواب ملک کی گرفتاری کے بعد این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے پارٹی کی ہنگامی میٹنگ بلائی ہے جبکہ وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے بھی کابینہ کی ہنگامی میٹنگ طلب کی ہے۔
اس دوران مہاراشٹر حکومت نے نواب ملک سے پوچھ گچھ پر اعتراض کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔
شیوسینا لیڈر سنجے راوت، این سی پی لیڈر سُپریا سُلے کا بیان بھی آیا ہے۔ اسی دوران نواب ملک کے ٹویٹر لکھا ہے کہ'نا ڈریں گے نہ جُھکیں گے'۔ 2024 کے لیے تیار رہیں۔
این سی پی لیڈر سُپریہ سُلے نے کہا کہ ای ڈی کے لوگ نواب ملک کے گھر آئے تھے۔ کافی دنوں سے بی جے پی کارکنان اور ترجمان ٹویٹ کر رہے تھے کہ ای ڈی کا نوٹس نواب ملک اور مہاوکاس اگھاڑی کے خلاف آئے گا اور آج یہ بات سچ ہوگئی اور نواب ملک کو ای ڈی نے گرفتار کر لیا ہے۔
سُپریہ سُلے نے مزید کہا کہ بی جے پی مہاوکاس اگھاڑی کے خلاف جو سازش رچ رہی ہے اسے پورا مہاراشٹر دیکھ رہا ہے۔ کوئی نوٹس نہیں آئی۔ ای ڈی مہاراشٹر کے ایک وزیر کو سیدھا اپنے دفتر لے گئی ہے۔ انہوں نے کیا نئی سیاست شروع کی ہے، میں نے ایسا پہلی بار ہوتا دیکھا ہے۔
گزشتہ ہفتے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے انڈر ورلڈ داؤد ابراہیم سے منسلک کچھ جائیدادوں پر چھاپہ مارا تھا۔ پانچ دن قبل ای ڈی نے ڈان کے چھوٹے بھائی اقبال ابراہیم کو منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا۔
این سی پی کی ترجمان ودیا چوان اور شیوسینا رہنما کشور تیواری نے اس کارروائی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اپوزیشن جماعتوں کو خاموش کرنے کے لیے سرکاری مشنری کا غلط استعمال کر رہی ہے۔
بی جے پی کے ترجمان اتل بھٹکلکر اور رام کدم نے کہا کہ پارٹی نے پہلے ہی ملک اور انڈر ورلڈ ڈان کے درمیان مبینہ کاروباری سودے کی مکمل تفصیلات پیش کر دی ہے۔