ممبئی:ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی کی کرافورڈ مارکیٹ جہاں رمضان المبارک کی رونقیں دیکھتے ہی بنتی ہیں۔خواتین جب بھنڈی بازار میں خریداری کی غرض سے آتی ہیں تو اس وقت مسجد کے ایک مخصوص حصّے میں نماز ادا کرتی ہیں۔یہ خاص کمرہ کچھ عرصہ قبل خواتین کے لئے تیار کیا گیا تھا۔خوش آئند بات یہ ہے کہ اب خواتین کے لئے رمضان المبارک کے دوران تراویح پڑھنے کا بھی نظم کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں جامع مسجد کے چیئرمین شعیب خطیب کا کہنا ہے کی ہم ایک عرصے سے اِس بات پر غور کر رہے تھے۔پہلے خواتین کے لئے نماز کا باقاعدہ انتظام اور اب اُن کے لئے تراویح کا انتظام ہماری ایک کوشش ہے۔خواتین کے لئے اِس سے قبل مسجد میں تراویح کا نظم کبھی نہیں کیا گیا تھا۔یہ پہلا موقع ہے جب خواتین پانچ وقت کی نماز کے ساتھ ساتھ تراویح بھی مسجد میں ادا کر سکیں گی۔
جامع مسجد کے چیرمین شعیب خطیب آگے کہتے ہیں کہ عبادت کے لئے مخصوص کمرے تک امام صاحب کی آواز سیدھے پہنچنے کا پہلے ہی سے انتظام ہے۔خواتین کو جب علم ہوا کہ اِس مرتبہ تراویح پڑھنے کے لئے مسجد کا رخ کرسکتی ہیں تو اُن کی خوشی کی انتہا نہیں ہے۔ ایک خاتون جو پاس ہی ایک آفس میں کام کرتی ہیں وہ ظہر اور عصر کی نماز مسجد میں ادا کرتی ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ جب سے مسجد میں الگ کمرے کا انتظام ہوا تب سے میری نماز قضا نہیں ہوئی اور اب یہ تراویح کا انتظام کے لئے مسجد کا انتظامیہ مبارکباد کا مستحق ہے ۔
تراویح کا مکمل اور جامع انتظام
خواتین کے مسجد میں داخل ہونے پر ایک عرصے سے بحث جاری ہے ۔اُسی وقت میں ممبئی کی جامع مسجد کے ذریعہ یکے بعد دیگر اعلانات خواتین کے لئے اطمینان اور سکون کا باعث بن رہے ہیں۔شعیب خطیب کا کہنا ہے کہ مسجد میں ہمیشہ کے لئے خواتین کے لئے یہ انتظام کیا گیا ہے۔ جہاں کثیر تعداد میں خواتین آکر نماز ادا کرتی ہیں ۔یہ مارکیٹ کا علاقہ ہے اِس لئے ہر وقت کافی گہما گہمی رہتی ہے ۔نماز پڑھنے آنے والی خواتین یہ جان کر خوش ہیں کہ وہ اِس بار با جماعت تراویح بھی مسجد میں ادا کر سکتی ہیں۔
رمضان ،عبادت ،تلاوت اور تراویح
رمضان المبارک کے ماہ کے استقبال کی تیاریاں عروج پر ہیں۔روزہ اور نماز کی ادائیگی کے تعلق سے گھر سے باہر کام کی غرض سے نکلنے والی خواتین کے لئے نمازِ تراویح کا یہ تحفہ سکون کا باعث ہے ۔مارکیٹ میں دیر رات تک خرید و فروخت کی غرض سے دکانوں پر کام کرنے والی خواتین کو بھی عبادت کرنے کا موقع مل سکے گا۔ایک خاتون جو بھنڈی بازار میں رمضان کے موقع پر کپڑوں کی چھوٹی سی دکان لگاتی ہیں اُن کا کہنا ہے کہ میں تھوڑا سا وقت نکال کر مسجد میں تراویح پڑھنے ضرور جاؤں گی ۔ایک خاتون جن کا گھر مسجد سے کچھ فاصلے پر ہے انہیں جب سے معلوم ہوا ہے وہ پوری طرح تیار بیٹھی ہیں۔انہوں نے طے کیا ہے کہ وہ ہر روز پہلی صف میں نمازِ تراویح ادا کریں گی
یہ بھی پڑھیں:Talk With Dr Wajahat Mirza لوگوں کو جھوٹ کے ذریعے بھڑکانے کا کام کیا جارہا ہے، چیئرمین مہاراشٹر وقف بورڈ
۔ مسجد انتظامیہ تیاریوں میں مصروف ہے کیونکہ انہیں اندازہ ہے کہ خواتین کی ایک بڑی تعداد تراویح پڑھنے کے لیے ممبئی کی جامع مسجد پہنچنے کی تیاری میں مشغول ہیں ۔