ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ دراصل ایک شخص نے اپنے ہی کنبے کے پانچ افراد کا قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔ یہ واقعہ پیر کے روز منظرعام پر آیا ہے۔ قتل کا مقصد اب تک واضح نہیں ہو سکا ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت وجیا ماتورکر (بیوی)، بنٹی ماتورکر (بیٹی)، ساحل ماتورکر (بیٹا)، لکشمی بوباڈ (ساس) اور امیشا بوبڈے (بہو) کے طور پر ہوئی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ آلوک ماتورکر نے کنبہ کے پانچ افراد کا قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔ یہ واقعہ تحصیل تھانے کے علاقے ٹمکی میں پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق قتل کرنے والے شخص کے سسر نائٹ شفٹ کی ڈیوٹی پر تھے اس لیے ان کی جان بچ گئی۔
دراصل ماتورکر کنبہ ہمیشہ صبح سویرے اٹھتا تھا لیکن اس روز سہ پہر تک ماتورکر کے گھر میں کوئی حرکت نہیں دیکھی گئی تب پڑوسیوں نے کھڑکی سے آواز دے کر جگانے کی کوشش کی۔
پڑوسیوں نے ماتورکر کے بیٹے ساحل کو سامنے والے کمرے میں پڑا ہوا دیکھا۔ تاہم وہ جواب نہیں دے رہا تھا تب پڑوسیوں نے تحصیل پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ پولیس موقع پر پہنچی اور گھر میں داخل ہوئی۔ ساحل سامنے والے کمرے میں مردہ حالت میں پایا گیا۔ اندر کے کمرے میں وجیا اور پیری مردہ پڑے تھے۔
اس واقعہ کی خبر پورے علاقے میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ اسی دوران پولیس کو اطلاع ملی کہ آلوک کے سسرال کے گھر سے بھی دو افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ وجیا کی والدہ لکشمی بوباڈے اور بہو امیشا بوباڈے کی لاشیں وہاں پائی گئی ہیں۔
اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ الوک نے ابتدائی طور پر اپنے گھر والوں کا قتل کرنے کے بعد ساس کا بھی قتل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: دہلی: مذہب تبدیل کروانے کے الزام میں دو گرفتار
وہیں بتایا جا رہا ہے کہ کچھ دن پہلے ہی ملزم الوک اور اس کی بھابھی امیشا کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔ اس سلسلے میں امیشا نے تحصیل پولیس اسٹیشن میں دفعہ 354 کے تحت شکایت بھی درج کروائی تھی۔
فی الحال پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔