گنیش وسرجن کے پیش نظر شہر کے مختلف مقامات پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں، خواتین و اطفال کے لیے علیحدہ دستہ، غوطہ خوروں کی ٹیم کی تعیناتی کے علاوہ تمام ساحلوں و تالابوں پر پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔
اس معاملے میں ممبئی پولیس کے ترجمان پرانئے اشوک نے بتایا کہ حفاظتی دستوں میں اضافی دستے، مسلح فورس، ریاستی ریزرو پولیس فورس، فساد مخالف دستہ، بی ڈی ڈی ایس، غوطہ خور ٹیم، پولیس کے اعلی افسران و اہلکار شامل ہیں۔
اس کے علاوہ انتہائی بھیڑ بھاڑ والے مقامات پر خواتین کے ساتھ چھیڑ خانی اور نازیبا حرکت کر نے والوں پر شکنجہ کسنے کے لیے علیحدہ دستہ تعینات کیا گیا ہے جو ان مقامات پر گشت پر مامور کیا گیا ہے، اس کے علاوہ شہر میں 5000 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔
گمشدہ بچوں اور لڑکیوں کے لیے متعدد مقامات پر ہیلپ سینٹر قائم کیا گیا ہےاور پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ساتھ آنے والے بچوں کا خیال رکھیں اور ان کی حفاظت خود کر یں جبکہ چوپاٹی پر میگا فون کو اعلان کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ قد آور اسکرین لگائے گئے ہیں نیز وسرجن کے مقامات پر زائرین کے لیے واچ ٹاور و دیگر ہیلپ سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ممبئی شہر میں 121 مقامات پر گنپتی وسرجن کئے جاتے ہیں اور ان تمام مقامات پر مقامی پولیس اسٹیشنز کے ذریعے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں ۔