ممبئی کے نواحی علاقے گھاٹ کوپر کے اسپتال میں آنکھ کے قریب چوہے کے کاٹنے کے بعد 24 سالہ مریض کی موت ہوگئی۔ بی ایم سی حکام نے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ مریض شراب سے متعلق جگر کی بیماری میں مبتلا تھا اور راجہ واڑی اسپتال میں داخل ہونے کے دن سے ہی اس کی حالت انتہائی تشویشناک تھی، انہوں نے مزید بتایا کہ بدھ کے روز اس کی موت ہوگئی۔
منگل کے روز، مریض کے ایک رشتہ دار نے الزام لگایا کہ چوہے نے مریض کی آنکھ کے قریب کاٹا، جب اسے ہسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا۔ انھوں نے واقعے کی تحقیقات کرنے میئر کشوری پیڈنیکر سے مطالبہ کیا۔ اسپتال انتظامیہ نے چوہے کے کاٹنے کے واقعے کی تصدیق کی ہے، لیکن کہا ہے کہ چوٹیں "سطحی" ہیں اور اس سے مریض کی آنکھ متاثر نہیں ہوئی۔
حکام کے مطابق مریض کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔ منگل کے دن چوہوں کے کاٹنے کے واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسپتال کی ڈین ڈاکٹر ودیا ٹھاکر نے کہا کہ انہوں نے کچھ گھناؤنی بدنظمی دیکھی ہے۔ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچنے کے لئے پوری توجہ رکھیں گے۔
منگل کو ممبئی کے بی جے پی لوک سبھا رکن منوج کوٹک نے چوہا کاٹنے کے واقعے پر شیوسینا کے زیر اقتدار برہن مومبائی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) پر نکتہ چینی کی۔
انہوں نے کہا "بی ایم سی کو ایشیا کی سب سے بڑی شہری کارپوریشن کہا جاتا ہے، لیکن اس میں مریضوں کو چوہوں سے بچانے کے لئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔