جہیز کے خاتمہ کےلیے ملی تحریک فاونڈیشن کی جانب سے منعقد کئے گئے اجلاس میں رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شادیوں کو سادگی کے ساتھ بغیر کسی جہیز و مطالبہ کے کرنے کے سلسلہ میں شعور بیداری مہم چلانی چاہئے۔
انہوں نے پرتعیش اور لین دین کی شادیوں کا بائیکاٹ کرنے کی عوام سے اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ مساجد کمیٹیوں کی جانب سے مختلف محلوں میں مخالف جہیز مہم چلانی چاہئے تاکہ لوگوں کو بغیر جہیز اور سادگی کے ساتھ نکاح کرنے کی ترغیب دی جاسکے۔
ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ نکاح سے قبل دولہن اور دولہے والوں کو شادی کی عظمت اور جہیز کی لعنت سے متعلق اسلامی احکامات سے واقف کروانا چاہئے تاکہ شادی کی تقریب شریعت کے مطابق انجام دی جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم معاشرے میں منشیات مخالف مہم چلانے کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم نوجوان نشہ کی عادت میں مبتلا ہورہے ہیں جبکہ انہیں اس لعنت سے نکالنا ضروری ہے تاکہ نئی نسل کو تباہ ہونے سے بچایا جاسکے۔