ممبئی کی چوکی محلہ واٹر گلی میں ایک مہینے پہلے 16 برس کے بلال شیخ کی موت ہوگئی تھی۔ اس کے بعد ممبئی کے جے جے مارگ پولیس تھانے میں ڈی کمپنی کے کارکن جعفر مچھی اور ذیشان شمشی کے خلاف غیر ارادتاً قتل کا معاملہ درج کیا گیا تھا۔ لیکن ابھی تک ملزمین پولیس کی پہنچ سے باہر ہیں۔
اب اس معاملے کے ملزمین نے گرفتاری سے قبل ضمانت کی عرضی داخل کی تھی اور آج کورٹ نے ان کی یہ عرضی خارج کردی ہے۔ وہیں، ان سب کے باوجود ملزمین پولیس کی پہنچ سے باہر ہیں اور بے خوف گھوم رہے ہیں۔
وہیں، اس معاملے میں ایک سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے کہ ملزمین اور مقامی پولیس تھانے جے جے مارگ کی ساٹھ گانٹھ سے ہی یہ غیر قانونی کام جاری تھا۔جس میں ننھے بچوں سے مزدوری کرائی جا رہی تھی اور اسی حادثہ کا شکار 16 برس کا بلال ہوگیا۔
تازہ جانکاری میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ملزمین معاملے کو رفعہ دفعہ کرنے اور کیس کو کمزور کرنے کی لئے اس غیر قانونی تعمیراتی کام میں مزدوری کرنے والے بچوں سے اس بات کی گواہی دلانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ بلال سے مزدوری نہیں کرائی جا رہی تھی بلکہ وہ یہاں چوری کرنے آیا تھا اور اس دوران اسکی کرنٹ لگ کر موت واقع ہوگئی۔