ممبئی کی وڈالا ٹی ٹی پولیس ایک شخص کو ہریانہ سے گرفتار کر کے ممبئی لائی جس پر الزام ہے کہ وہ ممبئی کی رہنے والی ایک خاتون سے موبائیل پر فحش باتیں کرتا تھا اور جب خاتون اس سے بات کرنے سے انکار کرتی تو یہ اسے جان سے مارنے کی دھمکی دیتا تھا جس سے تنگ آکر خاتون نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔
خاتون کے ذریعہ شکایت درج کرانے کے بعد ممبئی پولیس حرکت میں آئی اور اس پورے معاملے کو لیکر پولیس کی ٹیم موبائیل لوکیشن کی مدد سے ہریانہ پہنچی اور 17 دنوں کی محنت کے بعد ملزم کو دھر دبوچا۔
تفتیش کے دوران گرفتار شدہ نوجوان نے پولیس کو بتایا کہ وہ پیشے سے واچ مین ہے اور ہریانہ میں ہی ملازمت کرتا ہے اور وہ جس سوسائٹی میں کام کرتا تھا وہاں پر آنے جانے والی خواتین پر اس کی نظر رہتی تھی۔
اس نے مزید بتایا کہ ممبئی کی رہنے والی شکایت کنندہ خاتون بھی اپنے ایک رشتے دار سے ملنے کے لیے ہریانہ گئی تھی اس دوران ملزم نے خاتون کا موبائیل نمبر سوسائٹی کے وزیٹر ایپ سے حاصل کیا اور اسے پریشان کرنے لگا۔
پولیس نے ملزم قبضے سے تقریباً 400 خواتین کے موبائیل نمبرز حاصل کئے ہیں اور مزید تحقیقات کر رہی ہے۔