ممبئی: توہین رسالت کی مرتکب نُپور شرما کی اشتعال انگیزی کو عالم میں پیش کر نے والے محمد زبیر کی گرفتاری پر مہاراشٹر سماجوادی پارٹی لیڈر و رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ مذہبی منافرت پھیلانے کے الزام میں جس طرح سے زبیر پر کارروائی کی گئی تو کیا جلد ہی نُپور شرما اور نوین جندل کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔Abu Asim's Reaction on zubair arrested
انہوں نے کہا کہ کیا ملک میں قانون سب کے لیے مساوی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے نُپور شرما نے توہین رسالت کا ارتکاب کیا۔ اس کی پوری دنیا میں مذمت کی گئی۔ بھارت سے عرب و خلیج ممالک نے معافی تک کا مطالبہ کیا، لیکن کیا وجہ ہے کہ نُپور شرما کو گرفتاری سے بچانے کے لیے کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نُپور شرما کو خانہ پُری کے لیے بی جے پی سے تو برطرف کر دیا گیا، لیکن پس پردہ اسے گرفتاری سے بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اسے سکیورٹی فراہم کی گئی ہے، اس پر ملک بھر میں مقدمات درج کیے گئے ہیں، کیا مجال کہ اس نُپور شرما کی گرفتاری عمل میں لائی جائے، لیکن جس آلٹ نیوز نے نُپور شرما کی گستاخی کو عالم میں پیش کیا اس پر ہی مذہبی منافرت پھیلانے کا مقدمہ درج کر کے اسے دہلی پولیس نے گرفتار کر لیا۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا ہے کہ زبیر کو تو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ نوپور شرما اور جندل کو گرفتار کیوں نہیں کیا جارہا ہے، کیا اس ملک میں قانون سب کیلئے مساوی نہیں ہے۔