ریاست مہاراشٹر اسمبلی کے اسپیکر نانا بھاو پاٹولے نے ریاستی حکومت کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ رائٹ ٹو ایجوکیشن ایکٹ کے تحت تمام اسکولز میں زیر تعلیم مستحق طلباء کو مفت درسی کتابیں اور یونیفارم مہیا کرائے۔
ناگپور شہر میں جاری اجلاس کے دوران اسپیکر پاٹولے کی سربراہی میں محکمہ تعلیم کے اعلی افسران کی قانون کے تحت طلباء کو ملنے والی سہولیات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلی سطحی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں محکمہ تعلیم کے افسران کے علاوہ غیر سرکاری تنظیموں کے عہدہ داران بھی شامل تھے
اس میٹنگ میں آر۔ ٹی۔اے۔ ایکشن کمیٹی کے سربراہ محمد شاہد شریف بھی شامل تھے۔
اس موقع پر اسپیکر نے افسران سے مختلف معلومات حاصل کی،اس کے بعد شاہد شریف نے اسپیکر کو بتایاکہ ریاست میں قانون کا نفاذ تو عمل میں آیا ہے لیکن اس پر جس نہج سے عمل ہونا چاہئے وہ نہیں ہو رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس قانون کے تحت شہری علاقوں میں رہائش پذیر افراد کی سالانہ آمدنی ایک لاکھ مقرر کی گئی ہے جوکہ بہت ہی کم ہے اس میں اضافہ کرکے اس کی شرح پانچ لاکھ روپئے متعین کی جائے۔