ریاست مہاراشٹر کے بھیونڈی کے پورنا علاقے میں بیرونی ممالک سے استعمال ماسک کو درآمد کرکے اسے بازار میں فروخت کرنے کے معاملے کو لیکر ہونے والے انکشاف کا معاملہ ٹھنڈا بھی نہیں ہوا تھا کہ بھیونڈی میں ایران سے درآمد ہونے والی پیاز کے معاملے پر ہنگامہ ہوگیا ہے۔
ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بھیونڈی شہر سے متصل میت پاڑہ علاقے میں ایک بند پاورلوم کارخانہ میں ایران سے درآمد ہونے والی پیاز کو رکھا گیا ہے۔ پیاز گودام میں سڑ رہی ہے، اس کے تعفن سے مقامی شہری پریشان ہیں۔
ایران میں پھیلے کورونا وائرس کے سبب بھیونڈی میں اس پیاز کو خریدنے کے لیے لوگ تیار نہیں ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ سات سے آٹھ دن قبل ایران سے درآمد ہونے والی80 ٹن پیاز کو یہاں لاکر رکھا گیا ہے۔
ایران میں پھیلے کورونا وائرس کی وجہ سے مقامی افراد اور پیاز کے خریدار کترا رہے ہیں۔
اس طرح ایرانی پیاز کو لاکر رکھے جانے کی اطلاع موصول ہوتے ہی بھیونڈی کے نظام پورہ پولیس تھانہ کی ٹیم بھی جائے وقوع پر پہنچ گئی اور پورے گودام کا جائزہ لیتے ہوئے فوڈ اور اے پی این سی مارکیٹ کے افسران کو پوری تفصیلات فراہم کی ۔
فی الحال پولیس نے اس پوری پیاز کو فروخت کرنے پر روک لگا دی ہے اور یہ پولیس نگرانی میں ہے۔
اب اس درآمد ہونے والی پیاز کو لیکر ایف ڈی اے اور بازار سمیتی کے افسران کی ٹیم کاروائی انجام دے گی۔