بھیونڈی میونسپل کارپوریشن میں کانگریس کی اکثریت اور وہپ جاری کرنے کے باوجود بھی میئر بنانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے متصل پاورلوم صنعتی شہر بھیونڈی میونسپل کارپوریشن میں کانگریس کے پاس میونسپل ایوان میں واضح اکثریت ہے، باوجود اس کے شیوسینا کا ساتھ ہونے کی وجہ سے کانگریس کو میئر بنانے میں دشواریوں کے دور سے گزرنا پڑرہا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ کانگریس کا وہپ جاری ہونے کے باوجود بھی اس کے تقریباً دو درجن کارپوریٹر 'ناٹ ری چیبل' یعنی پہنچ سے باہر ہیں۔
حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے شیو سینا کارپوریٹرز کوپہلے کی طرح کانگریا کے امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالنے کے لیے تھانہ ضلع کے نگراں وزیر ایکناتھ شندے اور کانگریسی رہنما متحرک ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کانگریس کی جانب سے دو دسمبر کو وہپ جاری ہونے کے بعد میونسپل کارپوریشن میں کارپوریٹرز کی تعداد کی بنیاد پر کانگریس کی اُمیدوار ریشیکا پردیپ راکا کا میئر منتخب کیا جانا تقریباً طے مانا جارہا تھا، لیکن سابق میئر اورکونارک وکاس اگھاڑی کی اُمیدوار پرتیبھا پاٹل انہیں سخت ٹکر دے رہی ہیں۔
اطلاع کے مطابق کونارک وکاس اگھاڑی اوراس کے اتحادی 11 کارپوریٹر کے ساتھ بی جے پی کے 20 کارپوریٹر پہلے سے ہی موجود ہیں۔
وہپ جاری ہونے کے باوجود کانگریس کے تقریباً دو درجن کارپوریٹرز نے بھی اپنا خیمہ تبدیل کرلیا ہے۔ اگر کانگریس اور شیوسینا نے مشترکہ طور پر جلد ہی کوئی ماسٹر پلان ترتیب نہیں دیا تو واضح اکثریت کے باوجود بھی کانگریس کو اپنا میئر بنانے کے لیے دشواریوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔