مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں رمضان کا پہلا ہفتہ نیم گرم جوشی کے ساتھ منایا گیا, کیونکہ ریاست میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے سبب ہر حصے میں حالات کی مناسبت سے سختی کی جارہی ہے، لیکن خوشی کی بات یہ ہے کہ شہر مالیگاؤں میں کورونا کے کیسز کافی کم ہیں لیکن عوام احتیاطی تدابیر کے ساتھ اپنے کام کاج میں مصروف ہیں۔
شہر مالیگاؤں میں جمعہ کا دن کافی اہمیت کا حامل ہے لیکن رمضان کے پہلے جمعہ کی بات ہی کچھ اور ہے کیونکہ رواں برس کورونا نے قہر برپا کر رکھا ہے اس لیے جمعہ کے روز یہاں کی چند منفرد روایات ایسی ہیں جو آپ کو کہیں اور دیکھنے کو نہیں ملے گی۔
رمضان کے پہلے جمعہ کو زیادہ تر مقامی افراد نئے لباس زیب تن کرتے ہیں اور اس طرح کی روایتی اسلامی چیزیں جیسے عطر، سرمہ، ٹوپی اور رومال وغیرہ کی خرید و فروخت بھی خوب ہوتی ہے اس دن شادی شدہ خواتین اپنے میکہ جاتی ہیں اور پورے کنبہ کے لیے انواع و اقسام کے پکوان بناکر دسترخوان سجاتی ہیں۔
حالانکہ کووڈ کے پیش نظر انتظامیہ نے کئی دوکانوں کو بند کروایا ہے اور مساجد و دیگر عبادت گاہوں کا رخ کرنے والوں کی تعداد کو محدود کردیا ہے جس سے یہاں رواں برس کے رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کی رونق کچھ پھیکی نظر آئی۔