کورونا وائرس کے سبب شہر مالیگاؤں میں پولیس و کارپوریشن انتظامیہ حکومتی گائیڈ لائن کو نافذ کرانے کے لیے کافی سرگرم ہے۔
رواں ماہ رمضان کا مقدس مہینہ ہے اور مسلم اکثریتی شہر ہونے کی وجہ سے شہر کے زیادہ تر دکاندار اس مہینے میں اچھی خاصی کمائی کر لیتے ہیں لیکن کورونا وبا نے ایک جانب جہاں تمام سرگرمیوں پر روک لگا رکھی ہے تو اب وہیں تمام تر چھوٹے موٹے کاروباریوں کی کمر اب ٹوٹتی جارہی ہے۔
شہر کی معروف قدوائی روڈ پر میونسپل افسران نے کورونا گائیدلائنز کی خلاف ورزی کرنے کے معاملے میں چپل اور جوتے فروخت کرنے والی تین دکانوں کو سیل کردیا ہے جس کے سبب شہر کے دکانداروں و بیوپاریوں کے درمیان بے چینی پائی جارہی ہے۔
شہر میں اس سے قبل بھی انتظامیہ کی جانب سے چند دکانوں کو سیل کرنے کی کارروائی کی گئی تھی لیکن اب دوبارہ کارروائی سے دوکاندار خود انتظامیہ سے کاروبار کے اوقات میں رعایت دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ ضلع میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے سبب حکومت سختی سے کام لے رہی ہے لیکن چھوٹے موٹے کاروبار کرنے والوں کے لیے کوئی منظم پالیسی نہ ہونے کے سبب ان کاروباریوں کو زبردست نقصان اٹھانا پڑرہا ہے۔