گزشتہ روز سابق ایم ایل اے آصف شیخ نے کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے لیکن ابھی تک انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کس پارٹی میں جائیں گے لیکن انہوں نے عوام سے رائے طلب کی ہے کہ انہیں کس پارٹی میں جانا چاہیے۔
اس سلسلے میں عوام کی رائے لی گئی اور شہر کے ہر مکتبہ فکر اور شعبہ کے سرکردہ افراد کو ساتھ لے کر مختار قریشی کی صدارت میں 21 رکنی ڈرافٹ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
اس کمیٹی کی چوتھی اور حتمی میٹنگ شکیل جانی بیگ گارڈن میں کمیٹی صدر قریشی مختار کی کی قیادت میں ہوئی۔ اس میٹنگ میں شہری مسائل اور اس کے حل کے لیے کون سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے کیا لائحہ عمل ہونا چاہیے، جیسے عنوانات پر مشتمل تجاویز اور قراردار کو حتمی شکل دی گئی۔
اس کیمٹی کا تیار کردہ 15 نکاتی مسودہ ایک پریس کانفرنس کے ذریعے پیش کیا گیا۔
اس ضمن میں مختار قریشی نے کہا کہ شہر کی عوام کے ساتھ ساتھ تعلیم یافتہ طبقہ، مزدور اور بنکروں کی آراء کے مطابق ڈرافٹ کمیٹی کے اراکین نے 15 نکات پر مشتمل مسودہ کو تیار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ان سفارشات میں ایسے عنوان کو شامل کیا گیا ہے جو شہر کی ضرورت ہے اور آصف شیخ اپنی صلاحیت کے مطابق انہیں حل کرسکیں۔
اس سلسلے میں سابق رکن اسمبلی آصف شیخ نے کہا کہ 'وہ ان نکات کا اچھی طرح مطالعہ کریں گے اور جمعہ کے دن ہونے والے اجلاس میں ان نکات کو عوام کے سامنے مکمل طور پر پیش کیا جائے گا اور عوامی رائے سے آگے کا لائحہ عمل تیار کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ان نکات کے بناء پر ہی ان کا سیاسی مستقبل طے ہونے والا ہے۔ آصف شیخ مزید کہا کہ اس کمیٹی نے جو سفارشات پیش کی ہیں وہ اس پر پورا اُترنے کی کوشش کریں گے اور عوام کے مسائل کو حل کریں گے۔