شہر مالیگاؤں میں پولیس کنٹرول روم سے ملی تفصیلات کے مطابق ریاستی حکومت نے کورونا وائرس کے چلتے ریاست بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے اور دفعہ 144 نافذ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
حکومت کی نئی گائیڈ لائن کے تناظر میں پولیس انتظامیہ سختی سے عمل کرتے ہوئے چھوٹا موٹا کاروبار کرنے والوں کی دکانیں بند کر رہی ہی جس کی وجہ سے شہر کی معاشی حالت دن بہ دن بگڑتے جا رہی ہے۔
ایسے حالات کو دیکھتے ہوئے مقامی کانگریس پارٹی کے صدر شیخ رشید اور جنتادل سیکولر کے جنرل سکریٹری محمد مستقیم کی جانب سے لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاج کیا گیا۔
حکومت کی گائیڈ لائن کی خلاف ورزی کرنے پر سٹی پولیس نے سپاہی ولاس رمیش سوریہ ونشی کی شکایت پر مقامی کانگریس پارٹی کے صدر شیخ رشید اور جنتادل سیکولر کے جنرل سکریٹری محمد مستقیم سمیت کل 135 لوگوں کے خلاف آئی پی سی کی دفعات 166/188/270/269 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔