مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں آل انڈیا مومن کانفرنس کی جانب سے اردو میڈیا سینٹر پر پریس کانفرنس منعقد کی گئی۔ جہاں مالیگاؤں آل انڈیا مومن کانفرنس کے ذمہ داران نے نئے عہدیداران کی نامزدگی اور مستقبل کے عزائم سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آل انڈیا مومن کانفرنس کے سیکرٹری عبدالعلیم فیضی نے کہا کہ گزشتہ روز آل انڈیا مومن کانفرنس کے قومی صدر ایڈوکیٹ فیروز انصاری نے 23 ستمبر 2022 کو مالیگاؤں کا دورہ کیا ،اور احمد سردار ہال ( جے اے ٹی کیمپس میں آل انڈیا مومن کانفرنس شاخ مالیگاؤں کے احیاء اور اسکے عزائم اور کاموں کے لئے شہریان کو آمادہ کیا۔
عبدالعلیم فیضی نے مزید کہا کہ اسکے ایک ماہ بعد دہلی میں جمیل کرانتی کو کار گزارصدر نامزد کیا گیا اور 23 دسمبر 2022 کو ممبئی میں ایک تقریب میں انہیں عارضی صدر مقرر کرکے مالیگاؤں میں آل انڈیا مومن کا نفرنس کے احیاء مجلس عاملہ اور مجلس شوری کی تشکیل دینے اور عہد یداران کی نامزدگی کی اجازت دی۔ نومنتخب کارگزار صدر جمیل کرانتی نے بتایا کہ آل انڈیا مومن کانفرنس کے کاموں کی ایک طویل فہرست اور تاریخی خدمات انجام دینے کے باوجود مومن کانفرنس پچھلے کچھ دنوں سے عملی میدان سے دور تھی۔ لیکن اب آل انڈیا مومن کا نفرنس کے موجودہ قومی صدر ایڈوکیٹ فیروز انصاری نے اس تنظیم کو باقی رکھنےکا بیڑا اٹھایا۔ جسکے لئے انہوں نے ملک کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
واضح رہے کہ اس تنظیم کے ذریعہ انصاری کمونیٹی کو ترقی دلائی جاتی ہے۔ جمیل کرانتی نے بتایا کہ آل انڈیا مومن کانفرنس کے پرانے ساتھیوں کو نئے سرے سے جمع کیا جائے گا ،اور انکے ساتھ نوجوانوں اور تجربہ کار لوگوں کی ایک ٹیم کو جوڑا کر ایک نئے عزم اور حوصلہ کے ساتھ ملک قوم اور ملت کی تعمیر اور ترقی کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔
بنکر ساجد انصاری نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ چند دنوں قبل مہاراشٹر کی نئی ٹیکسٹائیل پالیسی بنائی جارہی تھی، جس کے پیش نظر آل انڈیا مومن کانفرنس اور مشترکہ پاورلوم تنظیموں کی جانب سے حکومت کو ایک مطالباتی مکتوب ٹیکسٹائیل کمیٹی کے رکن ڈاکٹر پنجاری شیخ سیلم کے ذریعے روانہ کیا گیا۔ریاستی حکومت نے پاورلوم مالکان کو راحت فراہم کرنے کے لیے 2007 میں مالیگاؤں کو ڈی زون قرار دیا گیا تھا۔ لیکن مختلف سروے کے بعد بھی دیگر شہروں کی طرح مالیگاؤں کو سبسڈی کی شکل میں موثر طریقے سے کوئی ریلیف فراہم نہیں کی گئی۔