اورنگ آباد: مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ کے مختلف عہدوں پر خالی اسامیوں کو پر کرنے کے لیے، 16 اور 17 دسمبر کو وقف بورڈ بھرتی امتحانات منعقد کیے گئے تھے، لیکن اسی دن مہاراشٹر اسٹیٹ پبلک سروس کمیشن کا امتحان مقرر ہے جس کی وجہ سے وقف بورڈ کا امتحان ملتوی کر دیا گیا ہے، یہ دوسرا موقع ہے جب وقف بورڈ کی اسامیوں کے امتحانات ملتوی کیے گئے ہے، بھرتی امتحانات ملتوی ہونے کے بعد اب امیدواروں میں مایوسی دکھائی دے رہی ہے، لیکن وقف بورڈ آفس کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ ایم پی ایس سی کے امتحان ہے اسی لیے امیدواروں کے کہنے پر وقف بورڈ کے امتحانات کو ملتوی کر دیا گیا ہے، مستقبل قریب میں امتحانات کا اعلان کیا جائے گا۔
مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ کی اسمیوں کو پر کرنے کے لیے اگست مہینے میں اشتہار شائع ہوئے تھے، جس میں جونیئر انجینئر، قانونی مشیر، کمپیوٹر آپریٹر، سپرٹینڈنٹ، ڈسٹرکٹ وقف آفیسر، جونیئر کلرک و دیگر عہدوں کے لیے کہا گیا تھا۔جس کے مطابق وقف بورڈ میں مختلف عہدہ جات پر بھرتی کیلئے سولہ اور سترہ دسمبر کو ریاست کے مختلف اضلاع میں قائم کردہ امتحان مراکز پر بھرتی امتحان منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس کے لیے وقف بورڈ سے ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا لیکن وقف بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر معین تاشیلدار کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے وقف بھرتی امتحان ایک مرتبہ پھر ملتوی کر دیا گیا ہے جس کے سبب آن لائن فارم بھرنے والے خواہشمند امیدواروں میں مایوسی کی لہر دوڑ پڑی ہے۔
یہ دوسرا موقع ہے کہ جب وقف بورڈ بھرتی امتحان ملتوی کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل نومبر میں یہ امتحان منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن کچھ وجوہات کی وجہ سے اس وقت بھی امتحانات ملتوی کر دیے گئے تھے۔ وقف بورڈ سی ای او تاشیلدار کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں وقف بورڈ بھرتی امتحان کی منسوخی کا سبب مہاراشٹر اسٹیٹ پبلک سروس کمیشن کے امتحانات بتائے گئے ہے، جو کہ انہی تاریخوں میں منعقد ہو رہے ہیں۔ لیکن اس کے بعد اگلی تاریخ کب مقرر کی جائے گی؟ اس بات کی کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے، بلکہ امیدواروں کو وقف بورڈ کی ویب سائٹ اور اقلیتی امور کی ویب سائٹ سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اورنگ آباد ضلع میں قحط سالی جیسی صورتحال مرکزی کمیٹی نے معائنہ کیا
وقف بورڈ بھرتی امتحانات ملتوی ہو جانے کے سبب خواهشمند تعلیم یافتہ بیروزگار امیدواروں میں مایوسی کی لہر دوڑ پڑی ہے۔ وقف بورڈ بھرتی امتحان کا اشتہار شائع ہوتے ہی تنازعات کا شکار ہو گیا تھا۔ اشتہار میں امیدوار کا مسلم ہونا شرط قرار دیا گیا تھا۔ جس کے بعد ایک ایڈوکیٹ نے عدالت میں چیلنج کیا تھا۔ جس کے سبب یہ معاملہ عدالت میں طول پکڑنے کا امکان ہے۔ ایک مرتبہ پھر بھرتی امتحان ملتوی ہونے سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ امتحان اب مستقبل قریب میں منعقد نہیں ہوگا۔