ممبئی: کاندیولی ایسٹ کے گوکل نگر میں 'جے شری رام' کہنے سے انکار کرنے پر ایک 34 سالہ شخص پر حملہ کرنے کا چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ کُرار پولیس نے چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے ایک کو گرفتار کر لیا ہے۔ متاثرہ کا نام سدھارتھ انگورے ہے۔
جے شری رام کہنے سے انکار پر مار پیٹ:
کُرار پولیس کے مطابق جو ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے اس کے مطابق سدھارتھ منگل کی رات ساڑھے گیارہ بجے کام سے گھر واپس آرہا تھا ۔ جب وہ اپنے چھوٹے بھائی سے فون پر بات کر رہا تھا، اس دوران کاندیوالی ایسٹ کے گوکل نگر کے قریب چار لوگوں نے اسے کرار کی طرف جاتے ہوئے روک لیا۔ جب سدھارتھ نے پوچھا کہ تم مجھے کیوں روک رہے ہو تو ایک ملزم اس کے پاس آیا اور اس سے جے شری رام کہنے کو کہا۔ ان میں سے ایک ملزم نے جے شری رام کا نعرہ لگانا شروع کیا اور سدھارتھ کو اسے دہرانے پر مجبور کیا۔ایف آئی آر کے مطابق سدھارتھ نے اس دوران کہا کہ وہ تھکا ہوا ہے اور گھر جانا چاہتا ہے۔ اس کے بعد ملزم نے سدھارتھ کے ساتھ گالی گلوچ کی اور اس کی پٹائی کی۔ متاثرہ کے بھائی وشنو انگورے نے یہ دیکھا اور مداخلت کی۔ اس کے بعد وشنو زخمی سدھارتھ کو کاندیولی ویسٹ میں اسپتال لے گیا۔ سدھارتھ کو بابا صاحب امبیڈکر اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا۔ ایک دن کے علاج کے بعد یعنی منگل کو سدھارتھ نے کرار پولیس کے پاس جا کر چاروں شرپسندوں کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔
چاروں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج:
سدھارتھ انگورے کی شکایت کے مطابق، پولیس نے چاروں ملزمان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 323، 341، 504، 506 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ ملزمان کی شناخت سورج تیواری، ارون پانڈے، پنڈت اور راجیش رکشا والا کے طور پر کی گئی ہے اور کرار پولس اس معاملے میں مزید تفتیش کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وہ دن دور نہیں جب پارلیمنٹ میں مسلم شخص کو ہجومی تشدد کا نشانہ بنایا جائے گا: اویسی
اس سے پہلے بھی ہوچکے ہیں ہجومی تشدد کے واقعات:
اس سے قبل تلنگانہ کے ضلع میدک میں ایک مسلم شخص کو لوگوں کے ایک گروپ نے ''جے شری رام'' کا نعرہ لگاتے ہوئے حملہ کیا اور مارا پیٹا تھا۔2021 میں مغربی بنگال کے ہگلی ضلع کے چنسورہ میں ایک مسجد کے امام کے'جے شری رام' نہ بولنے کی وجہ سے مارپیٹ کا معاملہ سامنے آیا تھا۔2021 میں ہی مغربی بنگال کے ندیا ضلع کے شانتی پور تھانہ علاقے میں جے شری رام کا نعرہ لگانے سے انکار کرنے پرایک بچے کی بری طرح سے پٹائی کردی گئی اوربچے کے جسم پر گرم پانی انڈیل دیا گیا تھا۔ جھارکھنڈ کے سرائیکیلا میں 17 جون کو تبریز انصاری پر ہجوم نے اس وقت حملہ کیا تھا جب وہ اپنے رشتہ دار کے یہاں سے گھر لوٹ رہا تھا۔ چوری کے شبہ میں ہجوم نے تبریز انصاری کو کھمبے سے باندھ دیا تھا اور اس کی خوب پٹائی کی تھی۔ زخموں کی تاب نہ لاکر تبریز کی موت ہوگئی تھی۔